تحفظ ناموسِ رسالتﷺ، اسلامو فوبیا، مسئلہ فلسطین و کشمیر پر مل کر کام کرنا ہوگا: وفاقی وزیر مذہبی امور

اتوار کو وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے ترکی کے وزیر مذہبی امور کی سربراہی میں 5 روزہ دورے پر آئے وفد نے اسلام آباد میں وزارتِ مذہبی امور کا دورہ کیا

1781807
تحفظ ناموسِ رسالتﷺ، اسلامو فوبیا، مسئلہ فلسطین و کشمیر پر مل کر کام کرنا ہوگا: وفاقی وزیر مذہبی امور

وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر تحفظ ناموسِ رسالتﷺ، اسلامو فوبیا، مسئلہ فلسطین و کشمیر پر موثر آواز کیلئے ملکر کام کرنا ہو گا۔

اتوار کو وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے ترکی کے وزیر مذہبی امور کی سربراہی میں 5 روزہ دورے پر آئے وفد نے اسلام آباد میں وزارتِ مذہبی امور کا دورہ کیا۔

اس موقع پر پیر نور الحق قادری نے سیکرٹری مذہبی امور اور دیگر افسران کے ہمراہ معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ ترک وفد کو وزارت کے مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔ پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ اسلام کا اصلی چہرہ اور اسکی درست تعلیمات کو دنیا میں متعارف کروانا اصل چیلنج ہے۔ اسلام کو مذہبی اور لبرلز دونوں کی انتہا ؤں نے بے حد نقصان پہنچایا ہے۔

ہماری ذمہ داری ہے کہ ممبرو محراب، علماء اور دینی مراکز کے ذریعے اسلام کی حقیقی تصویر پیش کریں۔ ترک وزیر مذہبی امور کے دورہ پاکستان سے اسلامو فوبیا کے خلاف مربوط کوششوں کی راہ ہموار ہو گی اورباہمی تعاون سے خطہ کے عوام اور عالم اسلام کو یکساں فائدہ ہو گا۔ بین المذاہب ہم آہنگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی سکھوں کے دیرینہ مطالبے اور مذہبی ہمدردی کی بنیاد پر کرتارپور راہداری کا منصوبہ مکمل کیا ۔

پاکستان ترکی کے امام خطیب سکولوں کے نظام اور حج تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے جدید دور کے دینی مسائل کے حل ، حج انتظامات ، درست معلومات کی ترویج کیلئے جوائنٹ سوشل میڈیا مہم کیلئے مشترکہ تحقیقی گروپ اور ورکنگ گروپ کے قیام کی تجویز دی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تحفظ ناموسِ رسالتﷺ، اسلامو فوبیا، مسئلہ فلسطین و کشمیر پر موثر آواز کیلئے ملکر کام کرنا ہو گا۔

ترک وفد کے سربراہ ڈاکٹر علی ارباش نے کہا کہ پاکستانی وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے تمام تر نکات اہم اور قابلِ عمل ہیں۔ کسی بھی معاشرے میں امن اور خوشی صرف دین میں دیے گئے اصولوں پر عمل کرنے سے آتی ہے۔ دینی اصول و ضوابط کو چھوڑنے سے صرف انتشار اور افراتفری پیدا ہوتی ہے۔ درست دینی معلومات کی ترویج پر ملکر کام کرنے سے دنیا کو مثبت پیغام ملے گا۔

ترکی کے امام خطیب سکولوں کا نظام اسکے اتحاد کا ضامن ہے۔ انہوں نے پاکستان کیلئے جذباتی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکی اپنے برادر ملک کے مسائل پر گہری نظر رکھتا ہے اور انکے حل کیلئے فکر مند رہتا ہے۔ ترکی کیلئے مثبت جذبات اور ہمیشہ بے لوث حمایت کرنے پر پاکستانی عوام اور حکومت کے شکر گذار ہیں ۔



متعللقہ خبریں