افغان عوام کوامدادکی فراہمی عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے: وزیراعظم عمران خان

اتوار کے روز اسلام آباد میں سابق سفارت کاروں اور تھنک ٹینک کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغان عوام کو امداد کی فراہمی عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے

1777896
افغان عوام کوامدادکی فراہمی عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یورپ اور افغانستان کے تمام ہمسایہ ملکوں نے جنگ سے تباہ حال ملک میں انسانی بحران سے بچنے کے لئے افغانستان کے اثاثے غیر منجمد کرنے پر زور دیا ہے۔

اتوار کے روز اسلام آباد میں سابق سفارت کاروں اور تھنک ٹینک کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغان عوام کو امداد کی فراہمی عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ امریکہ نے بھی افغانستان کی موجودہ صورتحال کا ادراک اور احساس کیا ہے اور تمام شراکت داروں کا اس بات پر اتفاق ہے کہ اقدامات کئے جائیں تاکہ افغانستان مزید مشکلات سے دوچار نہ ہو۔چین کے اپنے دورے سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چینی قیادت کے ساتھ اُن کی ملاقاتوں سے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت ملی جبکہ یہ دورہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار بڑھانے میں بھی معاون ثابت ہو گا۔

 انہوں نے کہاکہ میَں نے بیجنگ کا کامیاب دورہ کیا جو دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے تعلقات کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ چین کی قیادت نے پاکستان کی قومی معیشت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے جو کہ درست سمت میں گامزن ہے۔کورونا وائرس کی وباء سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے انتہائی مربوط سمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی کے تحت اس عالمی وباء سے نمٹا ہے جس کا اعتراف عالمی برادری نے بھی کیا ہے۔قومی معیشت سے متعلق انہوں نے کہا کہ حکومت آمدن بڑھانے کے لئے انتھک کوششیں کر رہی ہے جبکہ قومی برآمدات میں اضافے کے تناظر میں آمدن کے حصول کے لئے باقاعدگی سے اجلاس منعقد کئے جا رہے ہیں۔



متعللقہ خبریں