پاکستان نےگزشتہ سال سفارتی اہداف موثر انداز میں آگےبڑھائے: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی

انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس میںامور خارجہ کی وزارت کے سال کے اختتام پر جائزہ پیش کرتے ہوئے کہی ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ ہم نے اہم طاقتوں اور خطے کے اہم شراکت داروں سے دوستی اور دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کئے ہیں

1756489
پاکستان نےگزشتہ سال سفارتی اہداف موثر انداز میں آگےبڑھائے: وزیرخارجہ شاہ  محمود قریشی

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ سال کے دوران دوطرفہ اور کثیرجہتی سطح پر مختلف سفارتی محاذوں پر اپنے سفارتی اہداف موثر انداز میں اور تسلسل سے آگے بڑھائے ہیں۔

انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس میںامور خارجہ کی وزارت کے سال کے اختتام پر جائزہ پیش کرتے ہوئے کہی ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ ہم نے اہم طاقتوں اور خطے کے اہم شراکت داروں سے دوستی اور دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کئے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے جموں وکشمیر کے تنازعے اور افغانستان کی صورتحال سمیت خارجہ پالیسی کے اہم معاملات پراپنے نقطہ نظر اوربیانیے کو کامیابی کے ساتھ اور موثر انداز میں پیش کیا ہے۔گزشتہ سال کو اہم قراردیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کے کردار، جغرافیائی سیاست سے جغرافیائی معیشت کی طرف منتقلی ، وسطی ایشیاء کے بارے میں وژن ، انگیج افریقہ، عوامی سفارت کاری اورڈیجیٹل سفارتکاری سمیت مختلف معاملات پراہم پیشرفت اور اقدامات سے پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات کوآگے بڑھانے میں مددملی۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ گزشتہ سال کے دوران ہمارے پچاس سے زائد ممالک کے ساتھ دوطرفہ وفود کے تبادلے ہوئے مختلف ملکوں کے پینتیس سینئر رہنمائوں نے پاکستان کا دورہ کیا ، پاکستان کے بتیس سینئر رہنمائوں نے مختلف ملکوں کے دورے کیے اور پچاس سے زائد اعلی سطح کی دوطرفہ ملاقاتیں ہوئیں۔

 انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ نے پاکستان کی طرف سے پیش کی گئی پانچ قراردادیں منظور کیں انہوں نے کہاکہ چھ ملکوں کے ساتھ تعلقات کے ستر برس مکمل ہونے کی تقریبات کا اہتمام کیاگیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں قیام امن اوربعد میں کابل سے غیرملکیوں کے انخلاء میں مدد کا اہم کردارادا کیا ۔مستقبل میں ایسا ہی کردارادا کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستا ن نے افغان عوام کو انسانی بنیادوں پر مدد فراہم کرنے کیلئے پانچ ارب روپے کی امداد کا وعدہ کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں حال ہی میں اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں تنظیم کے رکن ممالک نے بھی افغان عوام کیلئے انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔وزیرخارجہ نے کہاکہ اقتصادی سفارتکاری سے معاشی اشاریوں میں بہتری آئی ہے جس کے تحت پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانی میں 39پوائنٹس بہتری ، افریقہ کے ساتھ تجارت میں سات فیصد اور پاکستان میں کاروبارکیلئے حوصلہ افزائی میں انسٹھ پوائنٹس کی بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہاکہ دو ارب نوے کروڑ ڈالر روشن ڈیجیٹل اکائونٹس میں جمع کئے گئے نیا پاکستان سرٹیفیکیٹ میں دو ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی گئی ، ترسیلات زر میں چوبیس اعشاریہ ایک فیصد اضافہ ہوا اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات سے دو ارب ڈالر حاصل ہوئے۔ڈیجیٹل سفارتکاری میں سماجی رابطوں کے مختلف فورم مثلاً ٹوئیٹر، فیس بک اورانسٹا گرام پر ایک سوچودہ مشنز کو آن لائن کیاگیا جس سے شفافیت اوررسائی میں بہتری آئی۔



متعللقہ خبریں