جدید ترین ٹیکنالوجی اورچوتھا صنعتی انقلابہی پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے : صدر عارف علوی

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں انسٹیٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی میں ایرو سپیس سائنس اور انجینئرنگ کے بارے میں7 ویں بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا

1748724
جدید ترین ٹیکنالوجی اورچوتھا صنعتی انقلابہی پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے : صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جدید ترین ٹیکنالوجی کو اپنانا اور چوتھے صنعتی انقلاب کی تیاری پاکستان کے لیے خوشحالی کے اہداف کے حصول کا بہترین راستہ ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں انسٹیٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی میں ایرو سپیس سائنس اور انجینئرنگ کے بارے میں7 ویں بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہونے کے پیش نظر پاکستان کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ اپنی تکنیکی صلاحیت کو بڑھائے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ خلا، کہکشاؤں اور دیگر مختلف فلکیاتی مظاہر کا مطالعہ صدیوں پرانی کوشش ہے جو انسانی معاشروں کی ترقی کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجیز کے خلاف مزاحمت نے ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالی اور موجودہ دنیا کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے جدید ترین خلائی علوم میں سائنسی تحقیق کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے روزمرہ زندگی میں خلائی علوم کی افادیت کا ذکر کیا اور کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں میں تکنیکی اور پیشہ ورانہ صلاحیت کو بہتر بناکر پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان فوڈ سیکورٹی، زراعت اور ماحولیات کے شعبے بھی خلائی سائنس اور جیو انفارمیٹکس کی تحقیق سے فائدہ اٹھاسکتا ہے، گزشتہ صدی میں بہت سی تکنیکی ترقی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں معاشرے کی بہتری کی طرف بتدریج ترقی ہوئی ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے سائنسی اور نظریاتی بنیادوں کو مضبوط بنانے پر زور دیا تاکہ تحقیق، تجزیہ اور ڈیزائن کے لیے علم کو بروئے کار لانے کی مکمل صلاحیت کے حامل پیشہ ور افراد تیار کیے جاسکیں۔

صدر مملکت نے اس یقین کا اظہار کیا کہ انسی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی (آئی ایس ٹی) اپنے طلباء کو انجینئرنگ اور خلائی سائنس کے شعبوں میں خصوصی تعلیم سے آراستہ کرے گا تاکہ ان شعبوں میں ابھرتے ہوئے قومی اور عالمی مسائل کو حل کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر سیٹلائٹس کی توسیع کا حصہ ہونا چاہیے، ملک کو سائبر سکیورٹی ماہرین بھی درکار ہیں، انسی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی جیسے اداروں سے امید یں اور توقعات وابستہ ہیں۔

قبل ازیں انسی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی (آئی ایس ٹی) کے وائس چانسلر میجرجنرل (ر) ریحان عبدالباقی نے کانفرنس میں شرکت پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کانفرنس کے شرکاء کو ادارہ کے اغراض و مقاصد اور اس کی کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ادارہ خلائی تحقیق کے پروگرام سمیت سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کررہا ہے۔ صدر مملکت نے کانفرنس کے موقع پر ا نسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی کے ماہرین کی طرف سے لگائے گئے سٹالوں کا بھی معائنہ کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انسی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی میں پودا بھی لگایا۔



متعللقہ خبریں