بھارتی آبدوز کی پاکستانی سمندری حدود میں داخلے کی کوشش ناکام ہوگئی

پاک بحریہ نے مسلسل نگرانی اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے باعث 16 اکتوبر کو ایک مرتبہ پھر بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا اور اسے پاکستان کی سمندری حدود میں داخل ہونے سے روکا

1721844
بھارتی آبدوز کی پاکستانی سمندری حدود میں داخلے کی کوشش ناکام ہوگئی

پاک بحریہ نے ایک مرتبہ پھر بھارتی آبدوز کی پاکستان میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ "آئی ایس پی آر" کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک بحریہ نے مسلسل نگرانی اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے باعث 16 اکتوبر کو ایک مرتبہ پھر بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا اور اسے پاکستان کی سمندری حدود میں داخل ہونے سے روکا۔

سلامتی خدشات کے باعث پاک بحریہ مسلسل پاکستانی سمندری حدود کی نگرانی کر رہی ہے تاکہ ملک کی حدود کا دفاع کیا جاسکے۔

یہ اپنی نوعیت کا تیسرا واقعہ ہے جس میں بھارتی  بحریہ کی آبدوز کا بروقت سراغ لگایا گیا اور اسے پی این لانگ رینج پیٹرول ایئر کرافٹ سے بروقت ہدف بنا کر اسے روک دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ آبدوز کا سراغ لگانا بھارتی  بحریہ کے انتہائی کمزور، مخدوش میکانزم کا عکاس ہے اور پاک بحریہ کے مادر وطن کے تحفظ کے عزم مصمم کو ظاہر کرتا ہے۔

واضح رہے کہ 5 نومبر 2019 کو پاک بحریہ نے پاکستان کی سمندری حدود میں بھارتی آبدوز کے داخلے کی کوشش کو ناکام بنا دیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان کی سمندری حدود 12 ناٹیکل میل تک ہیں جبکہ اس کا خصوصی معاشی زون 2015 میں بڑھ کر 2 لاکھ 90 ہزار مربع کلومیٹر ہوگیا تھا



متعللقہ خبریں