قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں افغان مسئلہ کے وسیع البنیاد سیاسی حل کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ

اجلاس میں کہا گیا کہ افواج کے انخلاء کے حوالے سے سابق امریکی انتظامیہ کے فیصلے کی بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے توثیق تنازعے کا حتمی حل ہے

1692327
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں افغان مسئلہ کے وسیع البنیاد سیاسی حل کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ

قومی سلامتی کمیٹی نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان افغان مسئلے کے ایسے جامع سیاسی تصفیے کے لئے پرعزم ہے جس میں تمام افغان گروپوں کی نمائندگی ہو۔

قومی سلامتی کمیٹی نے پیر کے روزاسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں اپنے اجلاس میں افغانستان میں تمام جماعتوں پر زور دیا کہ وہ قانون کی حکمرانی کا احترام اور تمام افغان دھڑوں کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ کریں اور یہ امر یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی دہشت گرد گروپ افغان سرزمین کو کسی ملک کے خلاف استعمال نہ کرے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ افواج کے انخلاء کے حوالے سے سابق امریکی انتظامیہ کے فیصلے کی بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے توثیق تنازعے کا حتمی حل ہے۔

قومی اسمبلی کمیٹی نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں عشروں سے جاری تنازعے سے متاثر ہے اور اسی لئے ہمسایہ ملک میں امن اور استحکام کا خواہشمند ہے اور دنیا کو گزشتہ چار عشروں سے زائد عرصے میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرنا چاہئے۔

اجلاس میں اعادہ کیا گیا کہ پاکستان جامع سیاسی تصفیے میں سہولت فراہم کرنے کے لئے عالمی برادری اور تمام افغان فریقوں کے ساتھ کام کرتا رہے گا۔اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ افغانستان میں عدم مداخلت کے اصول کی پاسداری کی جائیگی۔وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر ہدایت کی کہ افغانستان چھوڑنے کے خواہشمند پاکستانیوں، سفارتکاروں، صحافیوں اور عالمی تنظیموں کے عملے کی واپسی کے لئے تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں۔اجلاس کے شرکاء کو افغانستان میں نئی پیشرفت اور پاکستان اور خطے پر اس کے ممکنہ اثرات کے بارے میں بتایا گیا۔



متعللقہ خبریں