صدرمملکت اور وزیراعظم کی کوئٹہ دھماکے کی مذمت

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز کوئٹہ دھماکے میں معصوم جانوں کے نقصان پر دلی افسوس کا اظہار کیا

1626241
صدرمملکت اور وزیراعظم کی کوئٹہ دھماکے کی مذمت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمن ملک کا امن تباہ کر کے امن و امان کی صورتحال خراب کرنا چاہتے ہیں۔آج ایک بیان میں کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران ایسی بزدلانہ کارروائیوں میں ملوث عناصر ملک اور اسلام کے دشمن ہیں۔انہوں نے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے مرحومین کی روح کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی فوری بحالی کیلئے دعا کی۔

وزیر اعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کی ہے ۔رات گئے تک پوری صورتحال کی ذاتی طور پر نگرانی کرتے ہوئے وزیر اعظم نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی کہ واقعہ کے تمام پہلوئوں سے تحقیقات کریں اور معاملے کی تہہ تک پہنچیں۔

ادھروزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کوئٹہ دھماکہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔وفاقی وزیر نے چیف سیکرٹری بلوچستان سے واقعہ کی رپورٹ طلب کی ہے ۔وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کوئٹہ دھماکہ کی سخت مذمت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن اور ترقی کے دشمن اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونگے۔فواد حسین نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور ملک کو اِن بچے کھچے عناصر سے پاک کرنے تک اپنی اجتماعی کوششیں جاری رکھے گی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قوم رمضان المبارک کے اندر ملک کو غیر مستحکم کرنے کے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے ملک کی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے ۔



متعللقہ خبریں