سینیٹ کےاسلام آباد نتائج وزیراعظم عمران خان کے خدشات اورگزشتہ روزکی ویڈیوکی عکاسی کرتےہیں:شبلی فراز

شبلی فراز نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ضمیروں کے سوداگر بری طرح ناکام ہوئے ہیں، یہاں پر ان کا پیسہ چلا نہ ہی کوئی اور حربہ کامیاب ہو سکا

1594839
سینیٹ کےاسلام آباد نتائج وزیراعظم عمران خان کے خدشات اورگزشتہ روزکی ویڈیوکی عکاسی کرتےہیں:شبلی فراز

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ سینیٹ کے اسلام آباد نتائج وزیراعظم عمران خان کے خدشات اور گزشتہ روز کی ویڈیو کی عکاسی کرتے ہیں، خیبرپختونخوا اسمبلی نے پی ٹی آئی کے تمام امیدوار کو کامیاب کرا کے ثابت کر دیا ہے کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے نظریئے کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی نے خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کے ساتھ ہاتھ کیا ہے، اب ان کے درمیان مفادات کی جنگ شروع ہو چکی ہے۔ وہ بدھ کو پشاور میں سینیٹ الیکشن میں کامیابی کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ میں اور میرے 9 سینیٹر خیبرپختونخوا سے کامیاب ہوئے ہیں، ہم صوبے کی ترقی کے لئے کام کریں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اسلام آباد سے سینٹ الیکشن میں جیتنے والے شخص کا کیا کردار ہے پوری قوم اس کے بارے میں جانتی ہے، پی ڈی ایم کی صورت میں سیاہ قوتوں نے ایڑی چوٹی کا زور لگاتے ہوئے لوٹ مار کے خزانے کا منہ کھول دیا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ضمیروں کے سوداگر بری طرح ناکام ہوئے ہیں، یہاں پر ان کا پیسہ چلا نہ ہی کوئی اور حربہ کامیاب ہو سکا۔ وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ عدم اعتماد کی باتیں کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے وہ کس منہ سے اس طرح کی باتیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی جنرل نشست پر الیکشن کے نتائج، ضائع ہونے والے ووٹوں اور منظر عام پرآنے والی ویڈیو سے متعلق مشاورت جاری ہے، پوری قوم جانتی ہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے کی ویڈیو کو بطور ثبوت الیکشن کمیشن میں لے کر گئی تھی، آج کے نتائج اس ویڈیو کی عکاسی اور تائید کر رہے ہیں، ہم مشاورت سے ایک جامع حکمت عملی کے ذریعے آگے بڑھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ووٹوں کی خرید و فروخت سے متعلق خدشات درست ثابت ہوئے ہیں۔ وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جہاں ہمارے تمام امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں وہاں ہمارے امیدواروں کو دیگر پارٹیوں کے ایم پی ایز کے ووٹ بھی ملے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوٹ مار اور چوری چکاری کی سیاست کرنے والے بغلیں نہ بجائیں، ان کی سیاست ختم ہونے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ایسے وزیراعظم اور لیڈر ہیں جو کسی بھی طرح دبائو میں نہیں آتے کیونکہ وہ ایک مضبوط ایمان کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان کے عوام اہل اور ایماندار لیڈر پر یقین رکھتے ہیں، آج پھر یہ ثابت ہو چکا ہے کہ پوری قوم وزیراعظم عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بالخصوص پی ڈی ایم کو منہ کی کھانی پڑے گی، سیاہ چہرے ملک کو پیچھے لیکر جانا چاہتے ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں اور وہ اپنے اس مشن میں کامیاب ہوں گے۔



متعللقہ خبریں