سینیٹ کی 37 نشستوں کیلئے انتخابی میدان سج گیا، وزیراعظم نے اپنا ووٹ کاسٹ کرلیا

سینیٹ کی 37 خالی نشستوں پر انتخابات کیلئے پولنگ شروع ،اسلام آ باد ‘ سندھ‘ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ صبح نو بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی

1593998
سینیٹ کی 37 نشستوں کیلئے انتخابی میدان سج گیا، وزیراعظم نے اپنا ووٹ کاسٹ کرلیا

ایوان بالا سینیٹ کی 37 نشستوں کے لیے انتخابی میدان سج گیا، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں ووٹنگ کا عمل کسی وقفے کے بغیر شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔

وزیر اعظم عمران خان نے سینیٹ انتخابات کے لئے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کے ارکان قومی اسمبلی سے بات چیت بھی کی۔

سینیٹ کی 37 خالی نشستوں پر انتخابات کیلئے پولنگ شروع ،اسلام آ باد ‘ سندھ‘ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ صبح نو بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔

پنجاب سے سینیٹ کے تمام گیارہ امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت سے دو‘ سندھ سے گیارہ جبکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا سے بار ہ ‘ بارہ سینیٹرز منتخب کیے جائیں گے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے جنرل نشست کیلئے پی ٹی آئی کے عبدالحفیظ شیخ اور پیپلز پارٹی کے سیدیوسف رضا گیلانی امیدوار ہیں جبکہ خواتین کی نشست کیلئے پی ٹی آئی کی فوزیہ ارشد‘ مسلم لیگ ن کی فرزانہ کوثر مدمقابل ہیں۔خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی 12نشستوں پرپچیس جبکہ بلوچستان میں چھبیس اورصوبہ سندھ میں سترہ امیدواروں کے درمیان انتخابی مقابلہ ہوگا۔

واضح رہے کہ سوارکان کے ایوان میں سے باون سینیٹرزاپنی چھ سالہ آئینی مدت مکمل کرنے کے بعد رواں ماہ کی گیارہ تاریخ کو ریٹائرہوجائیں گے۔

الیکشن کمیشن نے ارکان قومی اسمبلی کیلئے ہدایت نامہ لگا دیا ہے ، دو بیلٹ باکس پارلیمنٹ ہاؤس میں رکھے گئے ہیں، کسی کو بھی پولنگ اسٹیشن میں موبائل یا کیمرہ لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔

ہدایت نامہ میں درج پابندی کا اطلاق ووٹر، امیدوار، پولنگ ایجنٹ سمیت سب پر ہوگا، ارکان کو بیلٹ پیپر حاصل کرنے کیلئے اسمبلی سے جاری شدہ کارڈ دکھانا ہوگا، عام نشست کیلئے بیلٹ پیپر سفید، خواتین کی نشست کیلئے گلابی بیلٹ پیپر جاری ہوگا، بیلٹ پیپر پر ووٹر کی شناخت کا نشان لگنے پر ووٹ مسترد تصور ہوگا۔



متعللقہ خبریں