وزیراعظم عمران خان کا افغانستان میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ

بدھ کے روز اسلام آباد میں افغانستان کے صنعت و تجارت کے وزیرنثار احمد فیضی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے فریقین پر جنگ بندی کیلئے تشدد میں کمی کے اقدامات پر زور دیا

1555133
وزیراعظم  عمران خان کا افغانستان میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ

وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں امن واستحکام کیلئے مذاکراتی سیاسی تصفیے میں پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا ہے کیونکہ جنگ زدہ ملک کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔

بدھ کے روز اسلام آباد میں افغانستان کے صنعت و تجارت کے وزیرنثار احمد فیضی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے فریقین پر جنگ بندی کیلئے تشدد میں کمی کے اقدامات پر زور دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں امن پورے خطے کیلئے فائدہ مند ہے جس کیلئے علاقائی رابطہ کو بڑھانا ہو گا اور اقتصادی تعاون کیلئے نئے مواقع فراہم کرنا ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان وسیع اقتصادی تعاون کے مواقع موجود ہیں جن کیلئے تجارتی اور معاشی تعاون ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مزار شریف، کابل، پشاور ریلوے لائن منصوبہ اہمیت کا حامل ہے اور اس کیلئے فنڈز کے حصول کی خاطر پاکستان ازبکستان کی حمایت کرے گا۔
افغان وزیر نے انہیں افغان صدر اشرف غنی کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور دوطرفہ راہداری تجارت سے متعلق امور پر پیش رفت پر بات چیت کی۔
انہوں نے افغان امن عمل میں معاونت پر پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور دونوں ملکوں کے درمیان وسیع تجارتی اور اقتصادی تعلقات کی افغانستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

 



متعللقہ خبریں