وزیراعظم کا مستحق افراد کی امداد کے ذریعے ملک سے غربت کے خاتمے کا عزم

یہ بات وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے منگل کی شام اسلام آباد میں صحافیوں کو وفاقی کابینہ کے فیصلوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہی جس کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کے زیرصدارت ہوا

1554488
وزیراعظم کا مستحق افراد کی امداد کے ذریعے ملک سے غربت کے خاتمے کا عزم

وزیراعظم عمران خان نے احساس پروگرام کے تحت مستحق افراد کی امداد کے ذریعے ملک سے غربت کے خاتمے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
یہ بات وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے منگل کی شام اسلام آباد میں صحافیوں کو وفاقی کابینہ کے فیصلوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہی جس کا اجلاس  وزیراعظم عمران خان کے زیرصدارت ہوا۔
شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم نے عزم کر رکھا ہے ملک میں کوئی بھی شخص بھوکا نہ سوئے کیونکہ معاشرے کے پسماندہ طبقوں کی فلاح و بہبود اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت میں تمام غیرقانونی تعمیرات کو چھ ماہ میں ہٹا دیا جائے گا۔
شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کے فضل سے کورونا سے متعلق آلات کی تیاری میں خودمختار ہو گیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے یورپی یونین کی جانب سے حال ہی میں پاکستان کیخلاف غلط معلومات پھیلانے والے نیٹ ورک کو منظرعام پر لانے کے معاملے کا بھی جائزہ لیا جس کا مقصد ملکی معیشت اور اداروں کو نقصان پہنچانا اور ملک میں انتشار پھیلانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے حزب اختلاف کی جماعتوں کا اتحاد پاکستان کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے کیلئے بھارتی ایجنڈا آگے بڑھا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں میں اختلافات شروع ہو گئے ہیں۔
پیٹرولیم ڈویژن کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم بابر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے ملک میں گیس کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ایل این جی کی بارہ مال بردار گاڑیاں درآمد کرنے کا انتظام کیا ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ گھریلو اور کمرشل صارفین کے لئے گیس کی کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی۔
ندیم بابر نے کہا کہ سندھ حکومت کی وجہ سے اٹھارہ ماہ کی تاخیر کے باوجود ہم نے اس ماہ کی چوبیس تاریخ کو سترہ کلومیٹر طویل گیس پائپ لائن کا تعمیراتی کام مکمل کیا جس سے ملک میں گیس کی صورتحال بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی طرف سے سندھ کے حصے کی گیس دیگر صوبوں کو دینے سے متعلق وزیراعظم کو لکھے گئے خط کے حوالے سے ندیم بابر نے کہا کہ سندھ حکومت جان بوجھ کر حقائق مسخ کر رہی ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ رواں سال جون میں ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے دوران انہوں نے خود مراد علی شاہ سمیت تمام وزرائے اعلیٰ کو آگاہ کیا کہ سندھ کی صرف دس کروڑ مکعب فٹ گیس صوبے سے باہر استعمال کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے حکومت میں آنے کے بعد سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ سندھ کے عوام کو ان کے صوبے میں پیدا ہونے والی گیس کے حوالے سے ترجیح دی جائے گی۔
ایک سوال پر شبلی فراز نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ میں حزب اختلاف سے بات چیت کیلئے تیار ہے تاہم احتساب کے حوالے سے ہمارے موقف پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ نے اسلام آباد میں ایک سو بیس ایکڑ اراضی پر خصوصی ٹیکنالوجی زون قائم کرنے کی منظوری دی ہے۔
کابینہ نے گلگت بلتستان میں تین سال کے لئے فرنٹیئر کانسٹیبلری کی تعیناتی کی بھی منظوری دی۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی حسن کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے گلگت بلتستان کے جنگلات جنگلی حیات اور ماحولیات کے محکموں میں ایف سی کو تعینات کیا جائے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے اسلام آباد میں حال ہی میں تعمیر کئے گئے آئسولیشن ہاسپٹل اینڈ انفیکشن ٹریٹمنٹ سینٹر کو فعال بنانے کے لئے وزارت صحت کو 21 کروڑ 93لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دی۔



متعللقہ خبریں