لوک گلوکاروں اورروایتی دستکاروں کے فن کی تجارتی سطح پرپذیرائی ضروری ہے: صدر عارف علوی

صدرمملکت نے یہ بات اتوار کویہاں لوک ورثہ میں 10 روزہ لوک میلہ کے اختتام پرفوک گلوکاروں، دستکاروں اورہنرمندوں میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی

1528411
لوک  گلوکاروں اورروایتی دستکاروں کے فن کی تجارتی سطح پرپذیرائی ضروری ہے: صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ ملک کے ثقافتی ورثہ کوفروغ دینے کے ساتھ ساتھ فوک گلوکاروں اورروایتی دستکاروں کے فن کی تجارتی سطح پرپذیرائی ضروری ہے کیونکہ فوک گلوکاروں اورروایتی دستکاروں نے ہماری ثقافت کو زندہ رکھا ہے۔

صدرمملکت نے یہ بات اتوار کویہاں لوک ورثہ میں 10 روزہ لوک میلہ کے اختتام پرفوک گلوکاروں، دستکاروں اورہنرمندوں میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

 صدرمملکت نے کہاکہ پاکستان ثقافتی ورثہ بالخصوص بدہ مت کے نوادرات اورآثارکے حوالہ سے متنوع حیثیت کا حامل ملک ہے۔انہوں نے کہاکہ فوک ثقافت، ثقافتی ورثہ اورثقافتی نمونے سیاحوں کوراغب کرنے کا ایک بڑا ذریعہ ہے، سیاح کسی بھی قوم کی تاریخ اورترقی کو ماپنے کیلئے عمارات اورثقافتی مقامات کی سیرکوترجیح دیتے ہیں، صدرمملکت نے اس ضمن میں شرکا کو اپنے تجربات سے بھی آگاہ کیا۔

صدرمملکت نے کہاکہ عقیدہ کی بنیادپرتصویرکشی کی پابندیوں کی وجہ سے مسلمان ہنرمندوں نے جیومیٹرک آرٹ کو فروغ دیا جواسلامی فن تعمیرکا طرہ امتیازبن گیا، گنبدوں اوربڑی عمارات کو سہارادینے والی مینارسلامی فن تعمیرکی انفرادیت رہی۔ صدرمملکت نے کہاکہ صوفیاکرام اور محمد بن قاسم جیسے فاتحین کی آمد نے اس خطے کے مقامی ثقافت اورتنوع میں اضافہ کیا۔ صدرنے کہ کہاکہ لوک ورثہ میں دستیاب جگہ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے لوک میلہ جیسی سرگرمیوں میں اضافہ کرنا چاہئیے اس سے نہ صرف فوک گلوکاروں اورہنرمندوں کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ انہیں مالی فوائد بھی پہنچیں گے۔

صدرمملکت نے آرٹ ورک کی نمائش کیلئے ایوان صدرکی لابی فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی جہاں اعلیٰ ملکی اورغیرملکی شخصیات دورہ کرتے ہیں۔صدرمملکت نے کہاکہ آرٹ اورثقافت کے فروغ اکیلے حکومت نہیں کرسکتی اس مقصد کیلئے نمائشیں اورثقافتی میلوں کاانعقاد بھی ضروری ہے۔

اس موقع پرفن کاروں نے روایتی ملبوسات میں موسیقی کے ذریعہ پاکستان کے متنوع ثقافت کا شاندارمظاہرہ پیش کیا جسے حاضرین نے سراہا۔صدرمملکت نے فن کاروں اورہنرمندوں میں انعامات اورایوارڈز تقسیم کئے۔

 



متعللقہ خبریں