پاکستان میں تمام تعلیمی ادارے 15 سے 30 ستمبر کے دوران کھول دیئے جائیں گے، عمران خان کا خیر مقدم

انہوں نے آج (پیر) ایک ٹوئیٹ میں لاکھوں بچوں کے دوبارہ سکول جانے کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے یہ بات یقینی بنانے کے لئے کام کیا ہے کہ سکولوں کی سرگرمیاں کوروناوائرس کے بارے میں صحت کے تحفظات کے قواعدکے مطابق ہوں

1490383
پاکستان  میں تمام تعلیمی ادارے 15 سے 30 ستمبر کے دوران کھول دیئے جائیں گے، عمران خان کا خیر مقدم

وزیراعظم عمران خان نے کہاہے اس امرکو یقینی بناناہماری اولین ترجیح اوراجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہر بچہ محفوظ طریقے سے تعلیم حاصل کرنے کے لئے سکول جائے۔

انہوں نے آج (پیر) ایک ٹوئیٹ میں لاکھوں بچوں کے دوبارہ سکول جانے کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے یہ بات یقینی بنانے کے لئے کام کیا ہے کہ سکولوں کی سرگرمیاں کوروناوائرس کے بارے میں صحت کے تحفظات کے قواعدکے مطابق ہوں۔

ملک بھر میں تمام تعلیمی ادارے 15 سے 30 ستمبر کے دوران کھول دیئے جائیں گے، کپڑے یا سرجیکل ماسک لازمی ہوگا، جبکہ مانیٹرنگ کمیٹیاں بھی معائنہ کریں گی۔

ملک بھر میں کورونا کیسز میں کمی آنے کے بعد تقریباً 7 ماہ بعد کل سے سندھ بھر میں بھی تدریسی سرگرمیوں کا آغاز ہورہا ہے، وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں 15 ستمبر سے نویں جماعت سے لے کر جامعات کھولی جائیں گی۔

22 ستمبر سے چھٹی سے آٹھویں جماعت جبکہ 30 ستمبر کو پری پرائمری اور پرائمری کلاسزبھی بحال ہو جائیں گی۔

وزیرتعلیم نے کہا تھا کہ اگر کسی اسکول یا علاقے میں کوووڈ 19 بڑھتا ہے تو وہ اسکول یا متعلقہ علاقے کے اسکولز بند کئے جاسکتے ہیں ، اسکولوں کے لئے بنائی گئی ایس او پی ایز کے مطابق طلباء، اساتذہ اور اسکول عملے کے لیے سرجیکل یا کپڑے کا ماسک لازمی ہوگا، تمام تعلیمی ادارے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اگر کسی بچے کو بخار یا کھانسی ہے تو وہ اسے اسکول نہ آنے دیں۔

بچوں کو وقفے وقفے سے ہاتھ بھی دھونے ہوں گے، ایک دوسرے سے لنچ شیئرنہیں کرنا ہوگا، اساتذہ کو بچوں کو سماجی فاصلے کی ہدایت کرتے رہنا ہوگا،جبکہ طلباء کے ساتھ ساتھ اساتذہ کو بھی آگاہی دئیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کے ضلع وسطی میں سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کو نہ صرف آگاہی دی گئی بلکہ ان کے کورونا ٹیسٹ بھی کروائے گئے ہیں۔

 

 



متعللقہ خبریں