پاکستان کے معروف ٹی وی کمپیئر طارق عزیز انتقال کرگئے

ذرائع کے مطابق طارق عزیز کی عمر 84 برس تھی اور وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ طارق عزیز ادیب، شاعر اور سابق رکن قومی اسمبلی بھی تھے، انہوں نےکئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے

1437795
پاکستان کے معروف ٹی وی کمپیئر طارق عزیز انتقال کرگئے

معروف ٹی وی کمپیئر اور کئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے طارق عزیز انتقال کرگئے۔

ذرائع کے مطابق طارق عزیز کی عمر 84 برس تھی اور وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔

طارق عزیز ادیب، شاعر اور سابق رکن قومی اسمبلی بھی تھے، انہوں نےکئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

معروف اداکار طارق عزیز پی ٹی وی کے مقبول پروگرام نیلام گھر کے میزبان تھے۔ 

طارق عزیز نے ریڈیو پاکستان سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا انہیں پاکستان ٹیلی ویژن کے پہلے اینکر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

جب 1964ء میں پاکستان ٹیلی وژن کا قیام عمل میں آیا تو طارق عزیز پی ٹی وی کے سب سے پہلے مرد اناؤنسر تھے، تاہم 1975 میں شروع کیے جانے والے ان کے سٹیج شو نیلام گھر نے ان کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا، یہ پروگرام کئی سال تک جاری رہا اور اسے بعد میں بزمِ طارق عزیز شو کا نام دے دیا گیا۔

انہوں نے ریڈیو اور ٹی وی کے پروگراموں کے علاوہ فلموں میں بھی اداکاری کی۔ ان کی سب سے پہلی فلم انسانیت 1967 آئی تھی اور ان کی دیگر مشہور فلموں میں سالگرہ، قسم اس وقت کی، کٹاری، چراغ کہاں روشنی کہاں، ہار گیا انسان قابل ذکر ہیں، انہیں ان کی فنی خدمات پر بہت سے ایوارڈ مل چکے ہیں۔

حکومتِ پاکستان کی طرف سے طارق عزیز کو 1992ء میں حسن کارکردگی کے تمغے سے بھی نوازا گیا۔



متعللقہ خبریں