وزیرِ اعظم عمران خان کا کورونا وائرسکی تازہ ترین صورتحال سے متعلق جائزہ

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کے دوران ہم نے ملک کے تمام تر طبقوں خصوصاً غریب اور کمزور طبقوں کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر حکمت عملی تشکیل دینی ہے، کورونا سے بچاو اور معاشی عمل کی روانی میں توازن رکھنا ہو گا

1406640
وزیرِ اعظم عمران خان کا کورونا وائرسکی تازہ ترین صورتحال  سے متعلق جائزہ

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کے دوران ہم نے ملک کے تمام تر طبقوں خصوصاً غریب اور کمزور طبقوں کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر حکمت عملی تشکیل دینی ہے، کورونا سے بچاو اور معاشی عمل کی روانی میں توازن رکھنا ہو گا، مساجد کے حوالے سے لائحہ عمل علمائے کرام کی مشاورت سے طے کیا گیا اور اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ذمہ داری علمائے کرام نے خود اپنے ذمہ لی، وائرس کی روک تھام کے لئے سماجی فاصلہ کو یقینی بنانا معاشرے کے ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں کوویڈ 19 کی صورتحال کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی برائے صحت نے اجلاس کو کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال، سامنے آنے والے کیسز، شرح صحت یابی و شرح اموات کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بیرونی دنیا کی نسبت پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد اور شرح اموات قدرے کم ہیں۔ وفاقی وزیر برائے صنعت حماد اظہر نے اجلاس کو تعمیرات کے شعبے میں طے شدہ لائحہ عمل کے مطابق دوسرے مرحلے میں اسٹیل سمیت دیگر کھولی جانے والی صنعتوں کے بارے میں آگا ہ کیا۔ انہوں نے محنت کشوں اور مزدوروں کے لئے ترتیب دیئے جانے والے 75 ارب روپے کے پیکیج کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارتِ صنعت اور احساس پروگرام کی معاونت سے 40 سے ساٹھ لاکھ افراد اس پیکیج سے مستفید ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ چھوٹے کاروبار کےلئے تین ماہ کا بجلی کا بل حکومت ادا کرے گی۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے اجلاس کو ٹیسٹنگ کٹس، حفاظتی سامان، این 95 ماسک، وینٹی لیٹرز و دیگر سامان کے بارے میں تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔

 اس موقع پر وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اشرافیہ کی ضروریات اور مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے پالیسیاں تشکیل دی جاتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کے دوران ہم نے ملک کے تمام تر طبقوں خصوصاً غریب اور کمزور طبقوں کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر حکمت عملی تشکیل دینی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاو¿ اور معاشی عمل کی روانی میں توازن رکھنا ہے۔ مساجد کے حوالے سے لائحہ عمل علمائے کرام کی مشاورت سے طے کیا گیا اور اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ذمہ داری علمائے کرام نے خود اپنے ذمہ لی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے سماجی فاصلہ ( سوشل ڈسٹنسنگ) کو یقینی بنانا معاشرے کے ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ماہ رمضان کے آنے والے دنوں میں حالات اور عوام کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔



متعللقہ خبریں