وزیراعظم عمران خان ملائیشیا کے دورے پر

وزیراعظم آفس میڈیا سیل کے مطابق دورہ کے دوران دونوں وزرائے اعظم علیحدہ ملاقات کے علاوہ وفود کی سطح پر بات چیت بھی کریں گے

1351854
وزیراعظم عمران خان ملائیشیا  کے دورے پر

وزیراعظم عمران خان ملائیشیا روانہ ہو گئے ہیں۔ پیر کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر اور وزیر اعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق دائود بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم آفس میڈیا سیل کے مطابق دورہ کے دوران دونوں وزرائے اعظم علیحدہ ملاقات کے علاوہ وفود کی سطح پر بات چیت بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ اہم معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں بھی شریک ہوں گے جبکہ مشترکہ پریس ٹاک بھی کریں گے، اس کے علاوہ دورہ کے دوران وزیراعظم عمران خان انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک و انٹرنیشنل سٹڈیز کے زیراہتمام تھنک ٹینکس سے بھی خطاب کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا ملائیشیا کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تذویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی علامت ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اگست 2018ء میں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ ملائیشیا کا دوسرا دورہ ہے، اس سے قبل وہ 20سے 21نومبر 2018ء کے دوران ملائیشیا کا دورہ کر چکے ہیں جبکہ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے 21سے 23 مارچ 2019ء کے دوران پاکستان کا دورہ کیا اور وہ یوم پاکستان کی پریڈ کے مہمان خصوصی تھی۔

 دونوں وزرائے اعظم کے دوران اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران ستمبر 2019ء میں نیویارک میں بھی ملاقات ہوئی، پاکستان اور ملائیشیا کے دوران قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں جن کی بنیاد یکساں مذہب اور ثقافت ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ باہمی اعتماد اور مفاہمت ہے، دونوں ممالک کی قیادت کے وژن کی روشنی میں حالیہ سالوں میں دوطرفہ تعلقات مزید گہرے ہوئے ہیں۔ تجارت، سرمایہ کاری، صنعت، دفاع، تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف عالمی فورمز پر دونوں ممالک نے قریبی تعاون کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے دورہ سے پاکستان کے ملائیشیا کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دوطرفہ تعلقات کو عروج پر لانے کے مواقع میسر آئیں گے۔ دورہ کے دوران وزیراعظم مختلف مواقعوں پرعلاقائی اور عالمی امن اور سلامتی کے حوالے سے پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کریں گے۔ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق اور انسانی صورتحال پر روشنی ڈالیں گے جبکہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیں گے جو کہ خطے کے امن اور سلامتی کے لئے بھارتی اقدامات کی وجہ سے درپیش ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور اعلیٰ سطح پر دوطرفہ تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا

 



متعللقہ خبریں