اپوزیشن: نیا اور عوام پسند بجٹ لے کر آو

شہباز شریف: ہم اس عوام دشمن بجٹ کو فی الفور رد کرتے ہیں، یہ  ظلم کی تلوار ہے

1221349
اپوزیشن: نیا اور عوام پسند بجٹ لے کر آو

پاکستان قومی اسمبلی  کے اجلاس میں  اپوزیشن نے وفاقی بجٹ مستردکرتے ہوئے  حکومت سے ترمیم شدہ  بجٹ پیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اجلاس کے آغازپر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آصف علی  زرداری، سعد رفیق، علی وزیر اور محسن داوڑ کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ  ہم روزانہ  اس چیز  کا مطالبہ کرتے ہیں، اسپیکرِ اسمبلی ہماری توقعات پر پورے نہیں اُتر رہے۔ اسیر ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جلد ازجلد  جاری کیے جائیں۔

پارلیمنٹ میں سابق مصری صدر محمد مرسی کیلئے دعا اور فاتحہ خوانی بھی کرائی گئی۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بجٹ پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس عوام دشمن بجٹ کو فی الفور رد کرتے ہیں، یہ  ظلم کی تلوار ہے اور  عام آدمی کی گردن کاٹنے  کے لیے وضع کیا گیا ہے۔ حکومت تو چار ہزار ارب اکٹھے نہیں کرسکی، ہمیں  بتایا جائے کہ ٹیکس کی مد میں 5555 ارب روپے کیسے اکٹھے کریں گے، آئی ایم ایف سے رجوع کرتے ہوئے  عمران خان قوم کو خود کشی کے دہانے لے گئے ہیں، آئی ایم ایف بجٹ سے غربت اس حد تک  پھیلتی جا رہی ہے کہ  کہیں خونی انقلاب ہی  برپا نہ ہو جائے۔

شہباز شریف نے بجٹ ترامیم پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بجٹ واپس لے کر عوامی خواہشات کی عکاسی کرنے والا بجٹ دوبارہ پیش کرے، مزدور کی کم از کم تنخواہ 20 ہزار روپے کی جائے، 16 گریڈ کے ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد اضافہ کیا جائے، ایک لاکھ ماہانہ تنخواہ والے صارفین کو ٹیکس استثنا دیا جائے، بجلی و گیس کی قیمتوں کو دوبارہ مئی 2018 کی سطح پر واپس لایا جائے، گھی اور تیل پر عائد ٹیکس کو واپس لیا جائے۔

اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے حکومت کو میثاق معیشت کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی سے چارٹر آف اکانومی کیلئے تیار ہیں، عمران خان الزام تراشی چھوڑ کر ملکی ترقی کی بات کریں، وزیراعظم ملکی ترقی کے لیے ایک قدم بڑھائیں گے تو اپوزیشن دو قدم آگے بڑھائے گی۔



متعللقہ خبریں