وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی ہم منصب کو خیر سگالی کا پیغام

پاکستان کی پڑوسی ممالک کے ساتھ امن کی پالیسی اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار

1214925
وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی ہم منصب کو خیر سگالی کا پیغام

پاکستان نے خطے میں امن کی بحالی اور  پاک و ہند   کے عوام کو درپیش مسائل کو رفع دفع  کرنے کے لیے ایک مرتبہ پھر جموں و کشمیر اور دہشت گردی سمیت دیگر معاملات کے حل کے لیے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش  کی ہے۔

ذرائع کے مطابق  بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو دوسری مرتبہ اقتدار سنبھالنے اور انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی کامیابی پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے ہم منصب کو خیر سگالی کا سندیسہ بھیجا ہے۔

جس میں وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو اپنے اختلافات دور کرنے چاہییں، باور رہے کہ اس سے قبل  کے  خط میں انہوں نے بھارت کے مطالبے پر دہشت گردی کے مسئلے پر بات چیت کرنے کے لیے رضا مندی کا اظہار کیا تھا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے اپنے خط میں پاکستان کی پڑوسی ممالک کے ساتھ امن کی پالیسی اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

علاوہ ازیں انہوں نے  باہمی احترام اور  اعتماد  کے  ماحول میں  غربت اور ترقی پذیر سمیت دونوں ممالک کے عوام کو درپیش مسائل سے نمٹنے  کے لیے مشترکہ اقدامات  پر زور بھی دیا۔

قبل ازیں بھارت کی وزارت خارجہ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم آئندہ ہفتے ہونے والے اجلاس کے موقع پر پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کے درمیان دو طرفہ ملاقات طے نہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور نریندر مودی علاقائی تعاون تنظیم کے 13 اور 14 جون کو کرغزستان میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

 



متعللقہ خبریں