طب کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کا تقاضا ہے: صدر عارف علوی

انہوں نے ان خیالات کا اظہاربدھ کویہاں ایوان صدر میں تھیلیسیما کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر مملکت نے کہاکہ علاج کے ساتھ ساتھ بیماریوں کے انسداد اوران سے بچاﺅ پرتوجہ مرکوزکرنا چاہئے

1197833
طب کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال  وقت کا تقاضا ہے: صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ طب کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور نوجوانوں میں عطیہ خون دینے کے حوالے سے شعوروآگہی پھیلانے کی ضرورت ہے، بیماریوں کے علاج کے ساتھ ساتھ بیماریوں سے بچاﺅ اورانسداد پرتوجہ دینا چاہئیے، حکومت صحت عامہ کے شعبے میں اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہاربدھ کویہاں ایوان صدر میں تھیلیسیما کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر مملکت نے کہاکہ علاج کے ساتھ ساتھ بیماریوں کے انسداد اوران سے بچاﺅ پرتوجہ مرکوزکرنا چاہئے، اس ضمن میں قوانین پر توجہ دینا ہوگی۔ تھیلیسیمیا اوردوسرے موروثی امراض میں والدین کی سکریننگ سے اس طرح کی بیماریوں سے بچاﺅ ممکن ہے۔ صدر نے کہاکہ پاکستان میں اس حوالے سے ڈیٹا کے حصول پر توجہ دینا ہوگی، پورے ملک کا ڈیٹا اگرچہ ایک مشکل کام ہے تاہم جو مریض مختلف مراکز میں آرہے ہیں ان کا ڈیٹا مرتب کرنے میں کوئی مشکل نہیں ہوگی۔

صدر نے کہاکہ دنیاءکے کئی ممالک میں موروثی امراض کے حوالے سے قوانین بنائے گئے ہیں، ایران میں شادی سے پہلے والدین کی سکریننگ کا قانون موجود ہے، اسی طرح فن لینڈ اورسکینڈے نیویا کے دیگر ممالک میں اعضاءکے عطیہ کیلئے قوانین موجود ہے۔ تھیلیسیمیا کے مریضوں کیلئے خون کی فراہمی کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے صدر مملکت نے کہاکہ یہ ہمارافرض ہے کہ اس حوالے سے ہم اپنا کرداراداکرے، صدر مملکت نے کہاکہ ایک وقت میں وہ خود ہرتین ماہ بعد خون کا عطیہ دیتے آرہے ہیںکیونکہ یہ جسم کی ذکواة کی حیثیت رکھتاہے۔ نوجوانوں میں عطیہ خون دینے کی اہمیت کو اجاگرکرنے کیلئے سکولوں ، کالجوں اوریونیورسٹیوں میں شعوروآگہی پھیلانے کیلئے کام کرنا ہوگا اورمیڈیا پر مہم بھی شروع کرنا چاہئے۔

 انہوں نے کہاکہ تھیلیسیمیا کے مریضوں کیلئے خون کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکتاہے اوریہ کوئی مشکل کام نہیں ہے۔انہوں نے تقریب میں موجود تھیلیسیمیا کے شکاربچوں کی بھرپورحوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہاکہ حکومت ایسے بچوں کے علاج معالجہ اورانہیں تمام سہولیات فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ صدر نے کہاکہ موجودہ حکومت طب کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور صحت عامہ کے شعبے میں اقدامات کررہی ہے، وزیراعظم عمران خان خود اس حوالے سے بہت حساس ہیں اوران کی حکومت صحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے مسلسل کام کررہی ہے۔انہوں نے تقریب کے انعقاد پر بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹرثانیہ نشتر اورمنتظمین کا بھی شکریہ اداکیا۔



متعللقہ خبریں