اگر بھارت نے جارحیت کی کوشش کی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: وزیر خارجہ

اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان سفارتکاروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ دو جوہری ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی موجودہ کشیدہ صورتحال میں کمی لانے میں اپنا کردار ادا کریں

1178710
اگر بھارت نے جارحیت کی کوشش کی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: وزیر خارجہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمارے دفتر خارجہ نے 20 سے 22 ممالک کے سفیروں کو پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت کی منصوبہ بندی سے متعلق بریفنگ دی ہے۔

اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان سفارتکاروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ دو جوہری ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی موجودہ کشیدہ صورتحال میں کمی لانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی مودی حکومت صرف عام انتخابات جیتنے کے لیے ایک خطرناک کھیل کھیل رہی ہے اور وہ پورے خطے کا امن تباہ کر رہے ہیں۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگر بھارت میں بھارتی جنتا پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو وہ آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ مقبوضہ کشمیر میں آگ لگا دے گا۔

انہوں نے کہا کہ پلواما واقعے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا اور نہ ہی خطے کے امن کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے لیکن اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی کوئی جارحیت کی تو پھر ہم اپنے مادر وطن کے دفاع کو پورا پورا حق رکھتے ہیں اور اپنے وطن عزیز کے دفاع کو یقینی بنایا جائے گا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت نے بین الاقوامی قوانین، پاکستانی فضائی حدود اور یہاں تک کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی بھی خلاف ورزی کی، پرامن اشارے کے طور پر پاکستان نے گرفتار بھارتی پائلٹ کو بھی رہا کیا اور اپنے ہائی کمشنر کو بھی نئی دہلی واپس بھیجا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارت کی جانب سے کسی بھی مس ایڈونچر کی صورت میں اسلامی دنیا پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو گی۔

دریں اثنا ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور پاکستان کی جانب سے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا۔



متعللقہ خبریں