یوم ِ پاکستان ملک بھر میں ملی جذبے و عقیدت سے منایا جا رہا ہے

نماز فجر کے بعد مساجد میں ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا

1169094
یوم ِ پاکستان ملک بھر میں ملی جذبے و عقیدت سے منایا جا رہا ہے

پاکستان اور بیرون ملک پاکستانی نمائندہ دفاتر میں  میں آج یومِ پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔

علی الصبح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ نماز فجر کے بعد مساجد میں ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔

بعد ازاں لاہور میں مفکر پاکستان علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں پاک فضائیہ کے دستے نے مزار پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

ملک بھر میں تقریبات کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہے گا ،اسلام آباد میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ جاری ہے۔ جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ایئرچیف مجاہد انور خان اور ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور دیگر اہم سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات شریک ہیں۔

یوم پاکستان کی پریڈ کے مہمان خصوصی ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد ہیں جب کہ آذر بائیجان کے وزیر دفاع، بحرین کی فوج کے سربراہ، سلطنت آف عمان کے سرکاری عہدیداران بھی تقریب میں شریک ہیں۔

پریڈ کے معائنے کے بعد پاک فضائیہ اور پاک بحریہ نے فلائنگ پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا اور پاک فوج کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا اور پاکستان کے دفاعی سازو سامان کی نمائش بھی کی گئی۔

پریڈ میں چین، سعودی عرب، ترکی، آذربائیجان، بحرین اور سری لنکا کے فوجی دستوں نے بھی حصہ لیا اور پاکستان کے چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر کی ثقافت کی نمائندگی کرنے والے فلوٹس میں فن کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔



متعللقہ خبریں