حکومت کے پہلے پانچ مہینوں میں ایک ارب ڈالر سے زائد کی براہِ راست سرمایہ کی گئی: وزیراعظم عمران خان

اجلاس میں پی ٹی آئی حکومت کے پہلے پانچ ماہ میں ملک میں ہونے والی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری (فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ) اور مستقبل قریب میں مختلف ممالک خصوصاً دوست ممالک کی جانب سےمعیشت کے مختلف شعبوں میں شارٹ، میڈیم اور لانگ ٹرم متوقع سرمایہ کاری کاجائزہ

1141049
حکومت کے پہلے پانچ مہینوں میں ایک ارب ڈالر سے زائد کی براہِ راست سرمایہ کی گئی: وزیراعظم  عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معیشت کے استحکام کے لئے بیرونی سرمایہ کاری خصوصاً ٹیکنالوجی ٹرانسفر اہم ہے، اس سلسلے میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کی جائے گی۔

 انہوں نے یہ بات ملک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیرِ خزانہ اسد عمر، مشیر تجارت عبدالرزاق داود، معاون خصوصی نعیم الحق، افتخار درانی، چئیرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ ہارون شریف، سیکرٹری ِ خارجہ تہمینہ جنجوعہ و دیگر افسران شریک تھے۔

 اجلاس میں پی ٹی آئی حکومت کے پہلے پانچ ماہ میں ملک میں ہونے والی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری (فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ) اور مستقبل قریب میں مختلف ممالک خصوصاً دوست ممالک کی جانب سے معیشت کے مختلف شعبوں میں شارٹ، میڈیم اور لانگ ٹرم متوقع سرمایہ کاری کا جائزہ لیا گیا۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق پی ٹی آئی حکومت کے پہلے پانچ مہینوں میں (اگست -دسمبر)میں ایک ارب ڈالر سے زائد کی براہِ راست سرمایہ کاری کی گئی۔

اس کے مقابلے میں سابقہ حکومت کے دور اقتدار میں اسی مدت میں ہونے والی سرمایہ کاری محض 426 ملین رہی۔ پی ٹی آئی حکومت کے دور میں دگنی سرمایہ کاری بیرونی دنیا کی کاروباری برادری اور حکومتوں کا نئے پاکستان کی حکومت اور حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔

 اجلاس میں پاکستان کے دوست ممالک چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور ملائشیا کی جانب سے اب تک کی جانے والے اور متوقع سرمایہ کاری پر وزیرِ اعظم کو بریفنگ دی گئی۔

وزیرِ اعظم کو بریفنگ میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے بورڈ آف انویسٹمنٹ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کے بارے بتایا گیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ انڈسٹریل کوآپریشن یونٹ کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔ ہاوسنگ، ٹورازم، اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک کے اندرسرمایہ کاری کرنے میں سہولت کاری کے لئے سپیشل یونٹ قائم کیے جا چکے ہیں جبکہ تمام وزارتوں میں سرمایہ کاری سے متعلقہ امور کے لئے ایڈیشنل سیکرٹری لیول کے افسران کو ذمہ داریاں سونپنے کی تجویز ہے۔



متعللقہ خبریں