پاکستان پیسے کے عوض کسی دوسرے ملک کی جنگ نہیں لڑےگا: عمران خان

جمعے کو شائع ہونے والے انٹرویو میں عمران خان نے کہا ہے کہ وہ کبھی بھی نہیں چاہیں گے کہ پاکستان کے کسی دوسرے ملک کے ساتھ ایسے تعلقات ہوں جہاں پاکستان کو "کرائے کا قاتل" سمجھتے ہوئے یہ توقع کی جائے کہ وہ پیسے کے عوض کسی دوسرے ملک کی جنگ لڑے گا

1102582
پاکستان پیسے کے عوض کسی دوسرے ملک کی جنگ  نہیں لڑےگا: عمران خان

وزیر اعظم عمران خان نے امریکہ کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے کہا ہے کہ وہ کبھی بھی کسی ایسے ملک کے ساتھ تعلق قائم رکھنا نہیں چاہیں گے جو پاکستان کو "کرائے کے قاتل"کے طور پر استعمال کرے۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان پیسے کے عوض کسی دوسرے ملک کی جنگ  نہیں لڑےگا۔

عمران خان نے یہ بات امریکہ کے مؤقر اخبار 'واشنگٹن پوسٹ' کے ساتھ ایک انٹریو میں پاک امریکہ تعلقات سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہی ہے۔

جمعے کو شائع ہونے والے انٹرویو میں عمران خان نے کہا ہے کہ وہ کبھی بھی نہیں چاہیں گے کہ پاکستان کے کسی دوسرے ملک کے ساتھ ایسے تعلقات ہوں جہاں پاکستان کو "کرائے کا قاتل" سمجھتے ہوئے یہ توقع کی جائے کہ وہ پیسے کے عوض کسی دوسرے ملک کی جنگ لڑے گا۔

جب ان سے اس بات کی وضاحت کرنے کو کہا گیا تو عمران خان نے کہا کہ وہ امریکہ کے ساتھ پاکستان کے ایسے تعلقات چاہتے ہیں جیسا کہ چین کے ساتھ ہیں۔ ان کے بقول چین کے ساتھ پاکستان کا تعلق یک طرفہ نہیں بلکہ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ نوعیت کے تجارتی تعلقات قائم ہیں۔

جب عمران خان سے پاکستان میں طالبان کے محفوظ ٹھکانوں کی موجودگی سے متعلق امریکی الزامات کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایسی کوئی محفوظ پناہ گاہیں موجود نہیں ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ "اگر آپ امریکہ کی پالیسوں سے اتفاق نہیں کرتے تو اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ آپ امریکہ مخالف ہیں۔ یہ ایک سامراجی سوچ ہے کہ آیا آپ ہمارے ساتھ ہیں یا ہمارے خلاف۔"

 

 



متعللقہ خبریں