نواز شریف : میری وطن کے لیے جدوجہد جیل میں بھی جاری رہے گی

سابق وزیر اعظم نے عنقریب وطن لوٹنے کا عندیہ دے دیا

1007736
نواز شریف : میری وطن کے لیے جدوجہد جیل میں بھی جاری رہے گی

سابق وزیراعظم نوازشریف نے احتساب عدالت کے کل کے فیصلے کے بعد  وطن واپس آنے کا اعلان کرتے ہوئے یہ عندیہ دیا ہے کہ   اس قسم کی سزائیں میرے عزم کو پسپا نہیں کر سکتیں، ملک کے  لیے جدوجہد کو جیل میں بھی جاری رکھوں گا۔

نواز شریف  نے لندن میں مریم نواز کے ہمراہ ایک  پریس کانفرنس  کا اہتمام کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف ایسے ایسے  ہتھکنڈےا ستعمال کیے گئے جن کی شاید ہی کوئی مثال موجود ہو۔جس جدوجہد میں کمر بستہ ہوں  اس میں اس قسم  کے فیصلے   آتے ہیں ، سزائیں بھی ملتی ہیں، کوئی قید ہوتا ہے تو کوئی پھانسی کے پھندے تک پہنچتا  ہے  کسی کو  تاحیات نااہل قرار دیا جاتا ہے تو کسی کو وزارت عظمیٰ سے ہٹایا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں سیاسی و مذہبی جماعتوں سے دھرنے دلوائے جاتے ہیں،  وزیراعظم کو زبردستی مستعفی ہونے کا کہا جاتا ہے، سیاسی پارٹیوں کی توڑ پھوڑ کے جرم کا ارتکاب ہوتا ہے، ارکان کی وفاداریاں اسلحہ  کے زور پر تبدیل کرائی جاتی ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے عنقریب  وطن  لوٹنے کا  اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے جو سزا دی گئی ہے یہ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ کا رخ موڑنے کے جرم میں دی گئی ہے لیکن یہ سزائیں ملک کی خدمت سے نہیں روک سکتیں۔ عوام کو اس غلامی سے نکالنے، ووٹ کو عزت اورعوام کو حق حکمرانی  دلانے  تک میری یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج کے فیصلے میں  میرےجرم  کی تشریح نہیں کی گئی ، چوری کب ،کیسے اور کس نے کی، کس کے خزانے سے چوری ہوئی جب کہ ہمیشہ یہ سوالات پوچھے جائیں گے کہ جس تیزی سے یہ مقدمہ چلا اسی رفتار سے آئین و قانون توڑنے والوں کے خلاف کاروائی کیوں نہیں ہوئی۔

نوازشریف نے کہا کہ عوام آنے والی نسلوں کے لیے میرا ساتھ دے، میں (ن) لیگ کے ووٹر، سپورٹر کے جذبے کی قدر کرتا ہوں اور عوام کو سلام پیش کرتا ہوں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی میری اہلیہ ہوش میں آتی ہیں میں ان سے سلام دعا لے کر واپس آ جاؤں گا۔

 

 



متعللقہ خبریں