کراچی کو پرچیوں کی سیاست سے آزاد کرواکراس کی پرانی رونقیں بحال کی ہیں: وزیراعظم خاقان عباسی

وزیر اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل فائنل نے پوری قوم کو ایک نیا جذبہ اور خوشی دی ہے۔ کراچی کی رونقیں بحال ہونے پر دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے

937400
کراچی کو پرچیوں کی سیاست سے آزاد کرواکراس کی پرانی رونقیں بحال کی ہیں: وزیراعظم خاقان عباسی

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کراچی میں پاکستان سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد حکومت کی مثبت پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے ان  خیالات کا اظہار اتوار کو پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ دیکھنے کے لئے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں موجود ہزاروں کرکٹ دیوانوں کے ساتھ میچ دیکھتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر گورنرسندھ محمد زبیر، گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا اور وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب وزیر اعظم کے ہمراہ تھے ۔ اس سے قبل وزیر اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل فائنل نے پوری قوم کو ایک نیا جذبہ اور خوشی دی ہے۔ کراچی کی رونقیں بحال ہونے پر دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کراچی میں بزنس کمیونٹی سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ 2013 ء سے پہلے لوگ کراچی سے باہر منتقل ہونے کا سوچ رہے تھے لیکن آج یہاں رونقیں بحال ہو رہی ہیں، دھرنے اور پاناما سے معیشت متاثر ہوئی،ہماری کوشش ہے کہ 6 فیصد ترقی کے ہدف کو حاصل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی مدت پور ی کرے گی اور آئندہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے ۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد اور اس میں بھرپور شرکت پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔کراچی کے امن اور خوشیوں کی بحالی میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے ویژن، صوبائی حکومت کے تعاون،پاکستان کی مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اہم کردار شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں کچھ سیاسی جماعتوں کی وجہ سے پارلیمنٹ کا وقار مجروح ہوا ہے ۔ سیاسی جماعتوں کا یہ طرز عمل ملک میں جمہوریت کے لیے درست نہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے توانائی کے بحران پر قابو پایا ہے ، ملک کے انفرا اسٹرکچر کو بہتر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری بھی درست سمت پر گامزن ہے اور اس کے بھی ملک پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔

 



متعللقہ خبریں