میاں صاحب کی حیثیت چابی والے کھلونےجیسی ہے، ان کی چابی اب ہمارے ہاتھوں میں ہے: بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہہ میاں صاحب اپنی لڑائی کے لیے رضا ربانی کو ڈھال بنانا چاہتے تھے، ہمارے سینیٹر کا نام لے کر انہوں نے ایک بار پھر منافقت کی کیونکہ ان کے پاس اپنے ووٹ نہیں تھے، میاں صاحب نے چیلنج کیا روک سکو تو روک لو، ہم نے روک کر دکھا دیا

932550
میاں صاحب کی حیثیت چابی والے کھلونےجیسی ہے، ان کی چابی اب ہمارے ہاتھوں میں ہے: بلاول بھٹو

کوٹلی ستیاں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہہ میاں صاحب اپنی لڑائی کے لیے رضا ربانی کو ڈھال بنانا چاہتے تھے، ہمارے سینیٹر کا نام لے کر انہوں نے ایک بار پھر منافقت کی کیونکہ ان کے پاس اپنے ووٹ نہیں تھے، میاں صاحب نے چیلنج کیا روک سکو تو روک لو، ہم نے روک کر دکھا دیا۔

انہوں نے کہا کہ آج میاں صاحب کو نئی چابی لگا دی جائے تو یہ کھلونا اُسی طرح گھومنا شروع ہو جائے گا جس طرح ضیاء الحق کی چابی سے گھومتا تھا۔ ضیاء الحق اور آئی جی آئی کی چھتری تلے پلنے والے نوازشریف کو بینظیر بھٹو کے خلاف چھانگا مانگا آپریشن اور آصف زرداری کے خلاف کالا کوٹ پہن کر نکلتے وقت ووٹ کا تقدس کیوں یاد نہیں آیا؟،میاں صاحب کب سے انقلابی بن گئے ؟، آپ بتائیں آپ یہاں پہنچے کیسے جہاں سے آپ کو نکالا گیا؟۔ جو کہتے تھے روک سکو تو روک لو، دیکھو ہم نے روک لیا۔ 

بلاول بھٹو نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خان صاحب عوام پوچھ رہے ہیں کہاں ہے نیا خیبر پختونخوا ، کہاں ہیں وہ دودھ اورشہد کی نہریں، آپ نے دی تو صرف گالی اور کچھ لیا تو صرف یو ٹرن لیا، خان صاحب اب بھی نہ سبق سیکھا تو ایسا یو ٹرن آئے گا کہ آپ سیاست چھوڑ کر کرکٹ کی طرف چلے جائیں گے، آنے والے وقت میں کچھ اورسبق بھی آپ کو پڑھائیں گے، جو زبان خان صاحب دوسروں کے خلاف استعمال کرتے تھے اب خود اس کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پیپلز پارٹی اقتدار میں آ کر عدالتی و پولیس اصلاحات کا آغاز کرے گی۔ معیشت میں ایسی اصلاحات لائیں گے جن سے نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔



متعللقہ خبریں