لاہور خود کش حملے میں نو افراد جان بحق

وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر لاہور کے تمام ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں

930078
لاہور خود کش حملے میں نو افراد جان بحق

رائے ونڈ میں تبلیغی اجتماع کے قریب  واقع پولیس کی چیک پوسٹ پر زور دار دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 9افراد شہید  جبکہ 35 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں جن میں سے کئی کی حالت انتہائی تشویش ناک بیان کی جا رہی ہے  جبکہ شہادتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہاہے ۔

پنجاب کے وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 7 افراد  کی لاشیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال رائے ونڈ جبکہ ایک لاش جناح ہسپتال لائی گئی ہے ،وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر لاہور کے تمام ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں ۔دوسری طرف سینئر پولیس حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ دھماکہ خود کش تھا جبکہ ڈی آئی جی ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی ادارے تفتیش کر رہے ہیں کہ خود کش حملہ آور کس کے ساتھ اس مقام تک پہنچا ؟۔انہوں نے کہا کہ خود کش حملہ آور کے اعضا اور دیگر شواہد اکٹھے کر کے فرانزک کے لئے بجھوائے جا رہے ہیں جبکہ لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکیورٹی سخت کرنے کے ساتھ ساتھ اس خود کش حملے کی تمام پہلوؤں پر تفتیش کی جا رہی ہے ۔

واضح رہے کہ رائے ونڈ کے آج ہونے والے تبلیغی اجتماع میں ہزاروں  کی تعداد میں پاکستانی شہری دور دراز علاقوں سے شرکت کیلئے آتے ہیں۔

وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے رائیونڈ میں ہونے والے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق رائیونڈ میں پولیس چیک پوسٹ کے قریب ہونے والے دھماکے پرشہباز شریف نے  گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رائے ونڈ بم دھماکے میں شہید ہونے والے ہمارا فخر ہیں ،دہشت گردوں ،ملک دشمنوں اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ 



متعللقہ خبریں