تحریک انصاف میں پنکچرہی پنکچر،مسلم لیگ نون کی لودھراں کےراستے2018کےانتخابات میں کامیابی کی راہ ہموار

حلقے کے تمام 338 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نون کے امیدوار پیر اقبال شاہ 116590 ووٹ لے کر آگے جبکہ تحریک انصاف کے علی ترین خان 91230 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں

909213
تحریک انصاف میں پنکچرہی پنکچر،مسلم لیگ نون کی لودھراں کےراستے2018کےانتخابات میں کامیابی کی راہ ہموار

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 154 لودھراں کے ضمنی انتخاب میں غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے تحریک انصاف کو شکست دے دی۔ 

حلقے کے تمام 338 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نون کے امیدوار پیر اقبال شاہ 116590 ووٹ لے کر آگے جبکہ تحریک انصاف کے علی ترین خان 91230 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ تحریک لبیک پاکستان کے ملک اظہر 9507 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر جبکہ پیپلز پارٹی کے مرزا محمد علی بیگ نے 3148 ووٹ حاصل کئے ہیں۔

واضح رہے کہ کامیاب ہونے والے پیر اقبال شاہ شہر کے ممتاز مذہبی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کے صاحبزادے دنیا پور سے نون لیگ کے ایم پی اے ہیں۔

وزیر مملکت اطلاعات‘نشریات ‘قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل اور پاکستان مسلم لیگ ن کی محنت سے 018 کے الیکشن کا چاند آج لودھراں سے نکل آیا ہے،محمد نواز شریف اور مسلم لیگ نے عوام سے کیے وعدے پورے کئے جس کا نتیجہ نکل رہا ہے،عمران صاحب لودھراں کے نتیجے کے بعد 2018 کے الیکشن کے بعد جو رونے کا کنٹینر لگانا ہے اس کی تیاری ابھی سے شروع کر دیں ۔

پیر کو اپنے بیان میں وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے مسلم لیگ ن کے کامیاب امیدوار پیر اقبال شاہ کو مبارکباد اور لودھراں کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ لودھراں کے عوام نے آج عمران صاحب کی جھوٹ ،گالم گلوچ، انتشار اور فساد پر مبنی سیاست کو دفن کر دیا۔انہوں نے کہا کہ لو دھراں میں مسلم لیگ ن کی جیت محمد نوازشریف کی عدل اور عوام کے ووٹ کے تقدس کی بحالی کی تحریک کی فتح کی پہلی نوید ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور قائد محمد نواز شریف پر اعتماد کے اظہار پر لودھراں کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی مسلسل کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان کے عوام ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے کےساتھ ہیں۔وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ چند سیاسی اندھوں کے سوا پورا پاکستان دیکھ رہا ہے کہ محمد نوازشریف کی نااہلیت اہلیت میں بدل رہی ہے،2018 کے انتخاب میں بھی پاکستان کے عوام دھرنوں، لاک ڈاون اور کنٹینر کی سیاست کو مسترد کریں گے۔



متعللقہ خبریں