سابق صدر زرداری کا ایمانداری سے متعلق بھاشن دینا قیامت کی نشانی ہے: شہباز شریف

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے قوم کے غریبوں ، یتیموں اور مساکین کے اربوں روپے لوٹے ہیں اور اب وہ ہمیں بھاشن دے رہے ہیں، میں زرداری پر الزامات نہیں لگا رہا بلکہ حقائق بتا رہا ہوں

843141
سابق صدر زرداری کا ایمانداری سے متعلق بھاشن دینا قیامت کی نشانی ہے:  شہباز شریف

وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے صرف ن لیگ کٹہرے میں کھڑی ہے ، احتساب صرف شریف خاندان کا ہو رہا ہے ، احتساب کرنا ہے تو سب کا ہونا چاہیے ، نواز شریف آج بھی ہمارے قائد ہیں، جو فیصلہ کرینگے قبول ہوگا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کو ایمانداری کا بھاشن دینے والے آصف علی زرداری قوم کے 6ارب روپے ہڑپ کر گئے، وہ یاد رکھیں کہ غریب بیواﺅں ، مزدورں اور یتیموں کی چیخیں عرش کو چیر کر اللہ تک ضرور پہنچیں گے۔ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کی تاخیر کے پیچھے عمران خان کی بدنیتی ہے اور انہوں نے چین کی جانب سے دئیے گئے تحفے میٹرو ٹرین پراجیکٹ میں منصوبہ بندی کے تحت رکاوٹیں ڈالیں، وہ چاہتے ہیں کہ الیکشن پہلے ہو اور میٹرو پراجیکٹ مکمل نہ ہو۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے قوم کے غریبوں ، یتیموں اور مساکین کے اربوں روپے لوٹے ہیں اور اب وہ ہمیں بھاشن دے رہے ہیں، میں زرداری پر الزامات نہیں لگا رہا بلکہ حقائق بتا رہا ہوں۔زرداری صاحب قوم کے 6ارب ہڑپ کر لئے ، غریبوں کی صدائیں آسمان چیر کر اللہ تعالی کے پاس جائیں گی اور انہیں اس کی سزا ضرور ملے گی۔جھوٹ اور غلط بیانی کے ذریعے قوم کو بے وقوف بنایا جاتا ہے۔ مہنگے قرضوں کی بات توکی جاتی ہے مگر زرداری کی کرپشن پر میڈیا خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ قوم جانتی ہے کہ اورنج لائن ٹرین میں تاخیر کی ذمہ دار تحریک انصاف ہے،خیبر پختونخوا کا بیڑا غرق کرنے والے قبل از وقت انتخابات کی باتیں کرتے ہیں ، قبل ازانتخابات کی بات کرنیوالوں نے خیبرپختونخوامیں کچھ نہیں کیا۔ اورنج لائن منصوبے کا کیس عدالت میں زیرسماعت ہے اور اس کے پیچھے عمران خان کی بدنیتی شامل ہے ، چیرمین تحریک انصاف نے دھرنوں میں قوم کا وقت کیا اور وہ ترقیاتی منصوبوں میں رخنے ڈال کر پنجاب کے عوام سے ان کا حق چھین رہے ہیں۔ پنجاب حکومت پر الزام لگانے والے ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے ہیں۔



متعللقہ خبریں