ہر ممکنہ این آراو کے خلاف عمران خان کی اسلام آباد میں دھرنا دینے کی دہمکی

سندھ اور پنجاب کے سرحدی شہر اوباڑو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کا 3 سو ارب روپے ملک سےباہر پڑا ہے جب کہ آصف زرداری نے 19شوگر ملوں پر قبضہ کیا ہواہے

841326
ہر ممکنہ این آراو کے خلاف عمران خان کی اسلام آباد میں  دھرنا دینے  کی دہمکی

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نواز شریف اور آصف علی زرداری کو ملک میں کرپشن کاگاڈفادر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی بڑے ڈاکو کو این آراو دینے کی کوشش کی گئی تو سب کو لے کر اسلام آباد پہنچوں گا ۔

سندھ اور پنجاب کے سرحدی شہر اوباڑو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کا 3 سو ارب روپے ملک سےباہر پڑا ہے جب کہ آصف زرداری نے 19شوگر ملوں پر قبضہ کیا ہواہے، نوازشریف اور آصف زرداری اور ان کے بچوں کے اثاثے دبئی،لندن اور پیرس میں ہیں ان لوگوں کو ملک کے اسپتالوں کا حال تک معلوم نہیں ہے یہ لوگ باہر جا کرعلاج کراتے ہیں ان کو پتا ہی نہیں پاکستان میں اسپتالوں کی صورتحال کتنی ابتر ہے۔

عمران خان نے کہا کہ شوگر ملوں پر قبضہ کرنے والے ڈاکوؤں کا سوشل بائیکاٹ کرنا ہے، ان چوروں نے سندھ کے لوگوں کا خون چوسا ہے پاکستان میں سب سے زیادہ سندھ کے لوگوں پر ظلم ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ انہیں این آر او مل جائے گا،ایک این آراو نوازشریف اور ایک آصف زرداری کو ملا لیکن قوم اب کوئی این آر او برداشت نہیں کرے گی۔

نواز شریف کے 300 ارب روپے بیرون ملک پڑے ہیں، زرداری کی دبئی، پیرس، لندن اور نیویارک میں جائیدادیں ہیں، آصف زرداری کا لندن میں ہوٹل ہے، سندھ کے لوگ سارے پاکستان سے پیچھے رہ گئے ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ شریف خاندان کا علاج پاکستان میں نہیں ہوتا، ان کا سب کچھ پاکستان سے باہر ہے، میں نے 20 سال باہر کمائی کی، آج میرا سارا پیسہ پاکستان میں ہے۔

 میرا کوئی بینک اکاؤنٹ، گھر یا فلیٹ پاکستان سے باہر نہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ کے لوگوں کا خون ان چوروں نے چوسا، آپ نے ان ڈاکوؤں کا سوشل بائیکاٹ کرنا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ چین نے 3 سال میں 313 وزیروں کو کرپشن پر پکڑا، آج قومیں نواز اور زرداری جیسے حکمرانوں کی وجہ سے غریب ہیں، کرپشن پر قابو پانے تک ملک ترقی نہیں کرتا، اب کسی کو کوئی این آر او نہیں ملے گاانہوں نے کہا کہ   میں وعدہ کرتا ہوں کہ پاکستانیوں سے سالانہ 8 ہزار ارب روپے اکٹھے کر کے دکھاؤں گا، قرض نہیں لوں گا، میں قوم کو اعتماد دوں گا کہ آپ کا پیسہ آپ پر خرچ ہو گا، پیسہ لوگوں کی تعلیم، صحت اور سکیورٹی پر خرچ کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے خبردار کیا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مجرموں کو رعایت دینے کے لیے نیب کے قانون میں تبدیلی کی یا نوازشریف اور زرداری کو بچانے کے لیے عدلیہ کوکمزور کرنے کی کوشش کی تو سارا پاکستان اسلام آباد کا رخ کرے گا۔



متعللقہ خبریں