نوازشریف  لندن سے وطن واپس پہنچ گئے، کل احتساب عدالت میں پیش ہوں گے

نوازشریف  لندن سے وطن واپس پہنچ گئے۔

839124
نوازشریف  لندن سے وطن واپس پہنچ گئے، کل احتساب عدالت میں پیش ہوں گے

نوازشریف  لندن سے وطن واپس پہنچ گئے، کل احتساب عدالت میں پیش ہوں گے

سابق وزیراعظم نوازشریف لندن سے وطن واپس پہنچ گئے۔ لیگی رہنماؤں پرویز رشید، طارق فضل چوہدری، آصف کرمانی، سعد رفیق اور کارکنوں نے اسلام آباد ائرپورٹ پر استقبال کیا۔ نواز شریف کل احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔ قومی ائرلائن کی لندن سے آنے والی پرواز پی کے 786 نے اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹر نیشنل ائرپورٹ پر 8 بجکر 15 منٹ پر لینڈ کیا۔ ائر پورٹ کے باہر لیگی خواتین نے نعرے بازی کی۔ آف وائٹ شلوار قمیص اور سیاہ واسکٹ میں ملبوس نواز شریف حد درجہ مطمئن نظر آئے۔لاؤنج میں کچھ دیر قیام کے بعد نواز شریف کا قافلہ پنجاب ہاؤس پہنچ گیا۔ جہاں مسلم لیگ (ن) کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پارٹی کے مرکزی رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال، آئندہ کی حکمت عملی، نیب ریفرنسز اور احتساب عدالت میں پیشی پر گفتگو کی گئی۔ سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی بھی نواز شریف سے ملاقات متوقع ہے۔ دوسری جانب سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ میری نا اہلی سے پاکستان کو نقصان پہنچا اور پہنچ رہا ہے، چاہے کتنی بھی جانبداری ہو عدالتوں اور احتساب کا سامنا کرونگا۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو اور ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کے ذرائع آمدن اور وسائل 1937ء سے چلے آ رہے ہیں، پاناما کے معاملے میں میرے خلاف کچھ بھی نہیں ملا، اقامہ کو بنیاد بنا کر جو نااہلی کی گئی اس سے پاکستان کو بڑا نقصان پہنچا، سسیلین مافیا اور گاڈ فادر جیسے ریمارکس دینے والی عدالت اور جے آئی ٹی کا ہم نے بہادری سے سامنا کیا، میرے خلاف چارج شیٹ کیا ہے؟ میرے خلاف سکینڈل کیا ہے ؟ معاملہ کیا ہے ؟ یہ حج سکینڈل ہے یا آئی پی پیزسکینڈل، این آئی سی ایل سکینڈل ہے یا نیکٹا سکینڈل؟ احتساب کے نام پر کیا جانیوالا ڈرامہ اصل میں ہے کیا؟ پاناما میں میر انام نہ ہونے کے باوجود کیس شروع کیا گیا لیکن ابھی تک پاناما میں کچھ نہیں ملا اور انہیں اقامہ پرنا اہل کر دیا گیا، پاناما فیصلہ مذاق اور شرمندگی کا باعث بنا۔

ادھرذرائع نے دعویٰ کیا کہ نیب نے اسلام آباد پہنچنے پر سابق وزیر اعظم کو گرفتار کرنے کا ارادہ کر لیا اور اس سلسلہ میں نوازشریف کے طیارے تک رسائی بھی مانگ لی،قومی احتساب بیورو کی طرف سے بینظیر ایئرپورٹ کے چیف سکیورٹی افسرکوخط نمبر1-2(GC)/DGS/NAB(R)/2017 میں کہاگیاکہ’سپریم کورٹ کے 28جولائی کے فیصلہ کے تحت نیب راولپنڈی /اسلام آباد نے احتساب عدالت میں نواز شریف کیخلاف ریفرنس دائر کر رکھے ہیں جس کی روشنی میں احتساب عدالت نے 26اکتوبر کو ملزم کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے اور حکم دیا کہ ملزم کو گرفتار کر کے 3نومبر کو عدالت میں پیش کیا جائے ،ملزم نواز شریف جو بیرون ملک تھے آج واپس پاکستان پہنچ رہے ہیں،لہذا انکی گرفتاری کے حوالے سے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کیلئے نیب افسروں کی ٹیم کو گاڑیوں سمیت طیارے تک جانے کی اجازت دی جائے ،تاکہ ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی جا سکے ‘۔نیب ذرائع کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی واپسی پرعدالتی سمن کی تعمیل کرائی جائیگی۔بعدازاں ایئرپورٹ انتظامیہ کی طرف سے نیب کو ایوی ایشن ڈویژن سے رابطہ کرنے کا جواب دیدیاگیا، اس ضمن میں ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے ڈپٹی ڈائریکٹر عاصم لودھی نے کہا کہ ایئرپورٹ سکیورٹی کیلئے ایک ایس او پی ہے جس پر عملدرآمد کرنا اورکرانا ہماری ذمہ داری ہے ، نیب کو پروازتک رسائی کیلئے وزرات ہوابازی سے اجازت لینا ہوگی جس کا بتادیاگیاہے ،کسی کو بھی اجازت دینا یا نہ دینا وزارت اور اعلیٰ حکام کا کام ہے ۔



متعللقہ خبریں