پارلیمنٹ کو حقیر سمجھنے والے سیاستدانوں کو عوام حقیر سمجھتے ہیں: خورشید شاہ

خورشید شاہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب کو متعدد بار احساس دلانے کی کوشش کی کہ پارلیمنٹ میں آئیں کیونکہ اسی پارلیمنٹ نے ان کو طاقتور بنایا ہے اور اسی میں آکر مسائل حل کریں

836687
پارلیمنٹ کو حقیر سمجھنے والے  سیاستدانوں کو عوام حقیر سمجھتے ہیں: خورشید شاہ

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کو وطن واپس آنا چاہیے ، پارلیمنٹ کو نظر انداز کرنے پر میاں نواز شریف کو یہ دن دیکھنا پڑ رہے ہیں ،عمران خان کی سندھ میں سیاست سے پیپلز پارٹی کو کوئی خطرہ نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ   ملک کے نئے سیاست دان سمجھتے ہیں کہ وہ پارلیمنٹ میں آگئے اب انھیں کوئی نہیں نکال سکتا اس لیے وہ پارلیمنٹ کو حقیر سمجھتے ہیں مگر وہ یاد رکھیں کہ جو پارلیمنٹ کو حقیر سمجھتے ہیں عوام ان کو حقیر سمجھتے ہیں۔

خورشید شاہ نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ یہ کیا سیاست ہے کہ پہلے تنقید کرو پھر معافی مانگ لو، گالم گلوچ کی سیاست اور اداروں کا ٹکراؤ ملک کی سالمیت کے لیے خطرہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ جس سیاست دان کو اپنے کارکنوں کا احساس نہیں اس کو ملک وقوم کا کیا احساس ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ ملک میں سیاست ہو کیونکہ سیاست ہی اس ملک کے مسئلوں کا حل ہے۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میاں صاحب کو متعدد بار احساس دلانے کی کوشش کی کہ پارلیمنٹ میں آئیں کیونکہ اسی پارلیمنٹ نے ان کو طاقتور بنایا ہے اور اسی میں آکر مسائل حل کریں۔

انہوں نے کہا کہ لیڈر بھٹو جیسا ہوتا ہے جو اپنی کہی ہوئی بات پر ڈٹ جائے، سولی چڑھ جائے مگر معافی نہ مانگے، یہ کیسے سیاست دان ہیں جو اپنی کہی ہوئی بات پر فوراً معافی مانگ لیتے ہیں۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ میری سیاست کھلی کتاب کی طرح ہے اور ہمیشہ عوام کے درمیان رہ کر سیاست کی ہے اگلے سال میری سیاست اور میری پارٹی کو پچاس سال مکمل ہوں گے۔

پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ملک جمہوریت کے ذریعے ہی ترقی کرسکتا ہے اس لیے پارلیمنٹ کو مضبوط کرنا چاہیے۔



متعللقہ خبریں