امریکی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان

ریکی وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں بھی آگاہی کرائی گئی

833710
امریکی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان

امریکہ کے سیکریٹری آف اسٹیٹ ریکس ٹلرسن  نے پاکستان کا ایک مختصر دورہ کیا جس دوران  پاکستانی  حکام سے ملاقاتوں  میں انہوں نے  پاکستان کو خطے میں امن و استحکام اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔

امریکی وزیر خارجہ نے  اسلام آباد  میں  وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، وزیر خارجہ خواجہ آصف اور مسلح افواج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہان  سے ملاقات کی۔

اس ملاقات کے بعد  ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکی وفد کو افغانستان اور خطے میں تعاون اور استحکام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگا ہی  کرائی گئی جبکہ  امریکی وزیر خارجہ کو پاک افغان سرحد کو  محفوظ بنانے کے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک نے مستقبل میں اعلیٰ سطح پر رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورت حال اور عالمی امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی اور کہا گیا کہ افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے  تعاون فراہم کرنا پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے۔ پاکستان  نے امریکہ کو پیغام دیا ہے کہ  خطے میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے کشمیر کا مسئلہ ناگزیر ہے اور پاکستان پرامن پڑوسی ممالک کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان رابطوں پر ہونے والی مشاورت پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پرعزم ہے۔

واضح رہے کہ ریکس ٹلرسن، وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر آئے تھے۔

خیال رہے کہ امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور تعلقات کی بحالی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل تصور کیا جارہا ہے، جیسا کہ21 اگست کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے نئی افغان حکمت عملی کے اعلان میں پاکستان  پر  تنقید کے باعث دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ایک مرتبہ پھر انتہائی نچلی سطح پر چلے گئے تھے۔



متعللقہ خبریں