وفاقی کابینہ کا پاکستان میں کوٹہ سسٹم میں توسیع کی بجائے نظرثانی کرنے کا فیصلہ

اجلاس میں کابینہ کے تمام ارکان کوٹہ سسٹم کے مسئلے کو مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے سامنے پیش کرنے کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ میں اس پر بحث کرنے پر بھی متفق ہوگئے

824540
وفاقی کابینہ کا پاکستان میں کوٹہ سسٹم میں توسیع کی بجائے  نظرثانی کرنے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت منگل کو منعقد ہوا۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کوٹہ سسٹم میں توسیع دینے کے بجائے اس پر نظرثانی کا فیصلہ کیا گیا کیونکہ کابینہ کا خیال ہے کہ ترقی پذیر اور پسماندہ علاقوں بالخصوص بلوچستان اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں (فاٹا) میں رہائش پذیر افراد کو صرف نوکریاں فراہم کرکے ترقیاں نہیں دی جاسکتیں بلکہ وہاں ضروریاتِ زندگی کی سہولیات بھی فراہم کرنی ہوں گی۔

اجلاس میں کابینہ کے تمام ارکان کوٹہ سسٹم کے مسئلے کو مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے سامنے پیش کرنے کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ میں اس پر بحث کرنے پر بھی متفق ہوگئے۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران سینٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) اور وفاقی سطح کی ملازمتیں فراہم کرنے کے عمل کے لیے موجود صوبائی کوٹہ سسٹم پر ایک تفصیلی پریزنٹیشن بنائی گئی تھی جبکہ یہ فیصلہ بھی کیا گیا تھا کہ اس مسئلے کو پارلیمنٹ اور مشترکہ مفادات کونسل کے سامنے اٹھایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کوٹہ سسٹم کا از سرنو جائزہ لینے کے لیے ایک اسٹیبلشمنٹ ڈویژن قائم کرنے کا حکم دے دیا جس کا مقصد موجودہ پالیسی پر نظرثانی کرکے زیادہ موثر اور نتیجہ خیز ترامیم کرنا ہے۔

 کابینہ نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی پارسپورٹ رکھنے والوں کیلئے ویزہ ختم کرنے کے معاہدہ کے مذاکراتی مسودہ پر دستخط کی منظوری بھی دی۔

وفاقی کابینہ نے بندرگاہوں اور جہاز رانی کی وزارت کا نام تبدیل کرکے وزارت میری ٹائم رکھنے کی منظوری دےدی ہے۔

اجلاس نے سری لنکا، نیپال، فرانس، تیونس، مراکش اور پرتگال کے ساتھ دہرے ٹیکسوں سے بچاﺅ اور آمدنی پر ٹیکسوں کے حوالہ سے مالیاتی اجتناب کی روک تھام کے موجودہ کنونشن میں ترمیم کی منظوری دی۔ کابینہ نے پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اور بلغاریہ کی زرعی اکیڈمی کے درمیان زرعی تحقیق کے میدان میں سائنسی و تکنیکی تعاون کیلئے ایم او یو پر دستخط کی بھی منظوری دی۔

 کابینہ نے ویلفیئر سیٹیزن بل 2017ءپر بھی غوروغوض کیا، مجوزہ بل کا مقصد بزرگ شہریوں کو سہولت دینا اور ان کی ضروریات پورا کرنا ہے۔



متعللقہ خبریں