پنجاب بھر میں فری موٹر بائکس ایمبولینس سروس کا افتتاح، ہمارا نصب العین عوام کی خدمت ہے: شہباز شریف

وزیر اعلیٰ نے افتتاح کے بعد پنجاب ایمرجنسی سروسز کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے فری موٹر بائیکس ایمبولینس سروس پنجاب کے 36اضلاع میں شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سروس کا دائرہ کار بہت جلد ہر ضلع تک پھیلا دیا جائے گا

824742
پنجاب بھر میں فری موٹر بائکس ایمبولینس سروس کا افتتاح، ہمارا نصب العین عوام کی خدمت ہے: شہباز شریف

وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے ریسکیو 1122کے زیر اہتمام پنجاب میں فری موٹر بائیکس ایمبولینس سروس کا افتتاح کر دیا۔

 وزیر اعلیٰ نے افتتاح کے بعد پنجاب ایمرجنسی سروسز کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے فری موٹر بائیکس ایمبولینس سروس پنجاب کے 36اضلاع میں شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سروس کا دائرہ کار بہت جلد ہر ضلع تک پھیلا دیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے خطاب میں کہا کہ قوم کے عظیم ریسکیورز نے لوگوں کی زندگی بچانے کیلئے ناقابل فراموش خدمات سر انجام دی ہیں۔ تقریب دکھی انسانیت کی خدمت کو آگے بڑھانے کیلئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور یہ عظمتوں بھری داستان کا ایک خوبصورت حصہ ہے۔ مجموعی طور پر 900موٹر سائیکلوں پر مشتمل عملہ پنجاب کے 9ڈویژن میں اس سروس کیلئے کام کرے گا جبکہ بعد میں پنجاب کے 36اضلاع میں موٹر بائیکس ایمبولینس سروس شروع کی جائے گی۔

اس سروس کیلئے بھی عملے کی بھرتی سو فیصد میرٹ پر ہوئی ہے اور ماسٹر ٹرینرز کو ترکی میں تربیت دلائی گئی ہے اور ماسٹر ٹرینرز کا اگلا بیج جلد ترکی جا رہا ہے۔ 2010میں جنوبی پنجاب میں پاکستان کی سو سالہ تاریخ کا بد ترین سیلاب آیا اور میں خود مصیبت میں پھنسے اپنے بھائیوں کی مدد کیلئے ہر جگہ پہنچا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اربوں کھربوں کی کرپشن کر کے پاکستان کو کھوکھلا کیا گیا ہے۔ خدا کے واسطے اب منافقت چھوڑ دیں۔ آپ پشاور میں تو میٹرو بس سروس چلا نہیں سکے اور اس کی ایک اینٹ نہیں لگی لیکن آپ لاہور کے شہریوں کو اورنج لائن میٹرو ٹرین سے محروم کرنے کے درپے ہیں۔ لاہور کے شہریوں سے ان کا عالمی معیار کی جدید سفری سہولتوں کا حق مت چھینیں ۔ پونے دو برس ہو چکے ہیں، اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے 11مقامات پر آپ کی وجہ سے کام رکا ہوا ہے کیونکہ آپ کا ہی ایک پارٹی عہدیدار عدالت گیا اور سٹے لیا۔ آپ کو کیا علم کہ ایک عام آدمی کس طرح سفر کر کے اپنے کام کی جگہ پر پہنچتا ہے۔ آپ کو کیا علم کہ ایک بیوہ کس طرح اپنی روزی روٹی کماتی ہے۔ ایک طالبعلم کس طرح حصول علم کیلئے جاتا ہے ۔

اورنج لائن میٹرو ٹرین پر روزانہ اڑھائی لاکھ مسافر سفر کریں گے اور ان کی تعداد جلد ہی 5لاکھ تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں سوا چار برس بعد بھی میٹرو بس منصوبے کی ایک اینٹ نہ لگانے والوں کو عام آدمی کی سفری مشکلات کا کوئی اندازہ نہیں۔ یہ منافقت ہے اور قوم ایسی منافقت کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی سیاست کا نصب العین صرف اور صرف عوام کی خدمت ہے اور ہماری حکومت گزشتہ سوا چار برس کے دوران عوام کی بے لوث خدمت کر رہی ہے اور عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔



متعللقہ خبریں