نیب ریفرنسز: نواز شریف کی دوسری پیشی، فرد جرم عائد نہ کی جا سکی

نواز شریف احتساب عدالت میں پیش ہوئے جہاں ان کے خلاف دائر 3 نیب ریفرنسز کی سماعت ہوئی، اس موقع پر احتساب عدالت میں نواز شریف پر فرد جرم عائد کرنے اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری اجراء پر بحث ہوئی

818025
نیب ریفرنسز: نواز شریف کی دوسری پیشی، فرد جرم عائد نہ کی جا سکی

احتساب عدالت میں نیب ریفرنسز پر میاں نواز شریف کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی لیکن ان پر آج فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔

نواز شریف احتساب عدالت میں پیش ہوئے جہاں ان کے خلاف دائر 3 نیب ریفرنسز کی سماعت ہوئی، اس موقع پر احتساب عدالت میں نواز شریف پر فرد جرم عائد کرنے اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری اجراء پر بحث ہوئی جس میں نیب حکام نے عدالت سے نوازشریف پر فرد جرم عائد کرنے کی استدعا کی تاہم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے سابق وزیر اعظم پر فرد جرم عائد کرنے اور ناقابل ضمانت وارنٹ کے اجراء کی استدعا پر بھی اعتراض کیا۔

جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا کہ اگلی سماعت میں نواز شریف کا مقدمہ الگ کر دیا جائیگا، 9 اکتوبر کو سماعت میں نوازشریف پر فرد جرم عائد ہوگی، اسکے بعد اگلی کارروائی شروع کرینگے۔

 سابق وزیراعظم کے خلاف کیس کی مزید سماعت 9 اکتوبر تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔ سابق وزیر اعظم نوازشریف 8 بج کر 50 منٹ پر جوڈیشل کمپلیکس پہنچے، نواز شریف کی گاڑی مرکزی دروازے سے براہ راست اندر داخل ہوئی۔ ان کی آمد سے قبل عدالت کے باہر خواتین سمیت لیگی کارکن نعرے بازی کرتے رہے۔ سخت حفاظتی اقدامات کے باعث راجا ظفر الحق، پرویز رشید، خواجہ سعد رفیق، طلا ل چوہدری، دانیال عزیز کو عدالت کے اندر نہیں جانے دیا۔

اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا انہیں انصاف نہیں ملا۔ طارق فضل چودھری کا کہنا تھا وزیرداخلہ کو روکنا باعث تشویش ہے۔ نواز شریف کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، لیڈیز پولیس اہلکار بھی تعینات رہیں۔ سماعت ملتوی ہونے کے بعد نواز شریف لیگی وزرا اور رفقا کے ہمراہ دوبارہ پنجاب ہاؤس روانہ ہو گئے۔ واضح رہے نواز شریف اور دیگر ملزمان پر آئندہ سماعت پر لندن فلیٹس اور عزیزیہ سٹیل ملز ریفرنسز میں فرد جرم عائد کئے جانے کا امکان ہے۔ لندن فلیٹس ریفرنس میں حسن، حسین، مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کے بھی نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جا چکے ہیں

 



متعللقہ خبریں