پاک چین قائدین کا دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کا فیصلہ

دونوں قائدین نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی جلد تکمیل پر بھی زوردیا۔دونوں رہنماوں کے درمیان یہ اتفاق رائے پیر کو یہاں ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں سامنے آیا

789989
پاک چین قائدین  کا دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کا فیصلہ

صدر مملکت ممنون حسین اور چین کے نائب وزیر اعظم وینگ یینگ نے کہا ہے کہ علاقائی امن و استحکام اور ترقی کے لیے پاکستان اور چین کے درمیان تعاون جاری رہے گا۔

دونوں رہنماؤں نے  کہا ہے کہ  دونوں ملک انسانیت کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔

 دونوں قائدین نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی جلد تکمیل پر بھی زوردیا۔دونوں رہنماوں کے درمیان یہ اتفاق رائے پیر کو یہاں ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں سامنے آیا۔

 ملاقات میں دونوں ممالک کے وفود بھی شریک تھے۔صدر مملکت نے پاکستان کے یوم آزادی 70ویں سالگرہ کی تقریبات میں اعلیٰ ترین سطح پرچین کی شرکت پر معزز مہمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کے پرخلوص رشتے کا اندازہ ہوتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ دونوں ملک دکھ اور سکھ کے ہر موقع پر ایک دوسرے کے کام آتے ہیں جو دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان تمام اہم امور میں چین کی حمایت کرتاہے۔ انھوں نے حال ہی میں چینی سرزمین پر بھارتی مداخلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر چین نے جس تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، وہ قابل تعریف ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان ؛ تائیوان، تبت، سنکیانگ اور ساوتھ چائنا سی سمیت تمام معاملات میں چین کی مکمل حمایت کرتا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان چین کے تعاون سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کام کرتا رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے چین کا کردار قابل تحسین ہے اور ہم توقع کرتے ہیں کہ ان کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور یہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ جموں و کشمیر سمیت تمام متنازعہ مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔

چین کے نائب وزیر اعظم وانگ یانگ نے کہا ہے کہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران پاکستان کے جرأت مند اور بہادر عوام نے اپنی قومی خود مختاری ، آزادی اور علاقائی سالمیت کا بیرونی مداخلت ، بالا دستی اور پاور پالیٹکس کیخلاف زبردست دفاع کیا ہے ، اب یہ ملک ایک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے جس کا بنیادی ڈھانچا بہتر ہے ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں مسلسل آگے بڑھ رہا ہے اور اس نے جامع قومی طاقت میں نمایاں اضافہ کر لیا ہے ۔

انہوں نے 70 ویں یوم آزادی پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ چین اور پاکستان ہر مشکل میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ ہونگے۔



متعللقہ خبریں