ملک میں 70 سال سے جاری تماشا بند نہ ہواتو پھرکسی بڑے حادثے کاشکارہوسکتاہے: نواز شریف

سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان قائد اعظم اور ووٹ کی طاقت سے بنا لیکن بد قسمتی سے قائد اعظم کی وفات اور قائد ملت کی شہادت کے بعد قانون کو نظر انداز کرکے نظریہ ضرورت ایجاد کر لیا گیا

790020
ملک میں 70 سال سے جاری تماشا بند نہ ہواتو پھرکسی بڑے حادثے کاشکارہوسکتاہے: نواز شریف

سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے سفر میں خلل سے بہت بڑا دھچکا لگا ہے۔

سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان قائد اعظم اور ووٹ کی طاقت سے بنا لیکن بد قسمتی سے قائد اعظم کی وفات اور قائد ملت کی شہادت کے بعد قانون کو نظر انداز کرکے نظریہ ضرورت ایجاد کر لیا گیا ، جس کے نتیجے میں پاکستان ٹوٹ گیا،آج دیکھناہوگاکہ کیا ہم خوشی سے یوم آزادی منارہے ہیں،70سال سے جاری تماشا بند نہ ہواتوملک پھرکسی بڑے حادثے کاشکارہوسکتاہے ،ووٹ کاتقدس ایجنڈا نمبر ایک ہے اور اس کیلئے اپنی جان لڑادوں گا

عوام کو سماجی معاشی معاشرتی اور عدالتی انصاف دیں گے، پاکستان میں اگرچہ  چند لوگوں کے پاس زمین اوررہنے کے لیے مکان ہے تو باقی لوگوں کے پاس بھی ہونا چاہیے، اپنا گھر بنانے کی استطاعت نہ رکھنے والے لوگوں کو سستے داموں گھر بنا کر دےنے کے ایجنڈے پر عمل کرنے کا پورا ارادہ رکھتے ہیں، خواہش ہے کہ ایسے غریب لوگ جو مالی کمزوری کی وجہ سے مقدمات کی پیروی نہیں کر سکتے ریاست ان کی مدد کر ےاس کے لیے آئین  میں  ترامیم کی ضرورت پڑے گی تو وہ بھی کریں گے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار  پیر کے روز مزار اقبالؒ پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔  سابق وزیر اعظم نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان قائداعظم کی قیادت میں جمہوری اور قانونی جدو جہد اور ووٹ کی طاقت سے وجود میں آیالیکن بدقسمتی سے ہم نے جمہوریت اور قانون کو نظر انداز کر کے نظریہ ضرورت ایجاد کر لیا جس کے نتیجہ میں قائداعظم کا پاکستان ٹوٹ گیا لےکن ہم نے ملک ٹوٹنے سے سبق نہیں سیکھا،وہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان کو اس راستے پر گامزن کیا جائے جو قائداعظم ؒ نے طے کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ابھی یہ طے کرنا ہوگا کہ ملک میں ہر صورت اور ہر قیمت پر ووٹ کے تقدس کو برقرار رکھیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ  اگر ایک سال اور رہتے تو لوڈ شیڈنگ ختم کرکے بجلی سستی کر دیتے اور لوگوں کو سستا اور فوری انصاف مہیا کرتے ، ووٹ کی حرمت کا خیال کرتے تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا، جب بھی مسلم لیگ (ن) کی اگلی حکومت آئیگی تو آئینی ترامیم سب سے پہلی ترجیح ہوگی، ووٹ کا تقدس ایجنڈا نمبر ون ہے جسے یقینی بنایا جائیگا جبکہ اس مقصد کیلئے اپنی جان تک لڑا دونگا۔

 قبل ازیں نوازشریف نے مزاراقبال پر پھول چڑھائے ، فاتحہ خوانی کی اورمہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کئے ، اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال،وزیر تجارت پرویزملک، وزیرریلوے سعد رفیق،رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز اور دیگر لیگی رہنما بھی موجود تھے ۔



متعللقہ خبریں