ترقی اورخوشحالی کیلئے اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کا ساتھ نبھانا ہوگا: صدر ممنون حسین

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ نوجوان اور بعض بچے مستقبل کے بارے میں پریشانی کا اظہار کرتے ہیں لیکن چیلنجز پر قابو پاکر ہی اعلیٰ مقام حاصل کیا جاسکتا ہے، نوجوان دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی مقاصد کے حصول کا ذریعہ بن جائیں

789190
ترقی اورخوشحالی کیلئے اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کا ساتھ نبھانا ہوگا: صدر ممنون حسین

 

صدر مملکت ممنون حسین نے پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کے موقع پر اسلام آباد کنویشن سینٹر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کا ساتھ نبھانا ہوگا۔

انہوں نے  کہا کہ  نوجوان اور بعض بچے مستقبل کے بارے میں پریشانی کا اظہار کرتے ہیں لیکن چیلنجز پر قابو پاکر ہی اعلیٰ مقام حاصل کیا جاسکتا ہے، نوجوان دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی مقاصد کے حصول کا ذریعہ بن جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ قوم کا مزاج بنیادی طور پر جمہوری اور پارلیمانی ہے، نوجوانوں کی بے چینی اور وطن کو درپیش چیلنجز پر غیر جذباتی انداز میں توجہ دینے کی ضرورت ہے، ترقی  اور خوشحالی کیلئے اختلافات بھلاکر ہمیں ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہوگا۔

صدر ممنون نے کہا کہ قوم کو حکمران اور قائدین سے بہت امیدیں وابستہ ہیں ، قوم توقع رکھتی ہے کہ قائدین گروہی مقاصد سے اوپر اٹھ کر ملک کے مستقبل کی نگہبانی کریں گے، انہوں نے سیاسی لیڈر اور حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ذمے داران رنجشوں پر قابو پاکر قومی مفاد میں آئین پاکستان پر متحد ہوجائیں ۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے دل سے نفرت اور بدگمانیوں کو نکال کر اپنی قوم کا مستقبل محفوظ بنانا ہوگا ، میری قوم کے بیٹے اور بیٹیاں اپنے قومی فرائض اس خوبی سے ادا کریں گے کہ دنیا انہیں اچھے الفاظ سے یاد رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی خطے میں امن اور استحکام کی علامت ہے ، تقریب میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ، چین کے اعلیٰ سطح کے وفد اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی ۔ صدر مملکت نے کہا کہ اہم بین الاقوامی امور پر پاکستان اور چین کا یکساں موقف ہے جو دونوں کی مضبوط دوستی کی علامت ہے ، ہماری خواہش ہے کہ یہ دوستی ہمیشہ قائم رہے اور یہ سبز ہلالی پرچم ایسے ہی لہراتا رہے ۔  

 



متعللقہ خبریں