پاکستان، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے حلف اٹھا لیا

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ملک میں سیاست گالی بن چکی ہے، 30 سال سے پارٹی کے ساتھ ہوں نوازشریف نے کبھی کرپشن نہیں کی

782009
پاکستان، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے حلف اٹھا لیا

پاکستان کے نومنتخب وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے حلف اٹھاتے ہوئے اپنے فرائض سنبھال لیے ہیں۔

ایوان صدر میں منعقدہ تقریب ِحلف برداری میں ارکان پارلیمنٹ اور مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔

صوبائی گورنرز اور غیر ملکی سفارتکار بھی تقریب حلف برداری میں موجود تھے۔

صدر ممنون حسین نے شاہد خاقان عباسی سے وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں  342 ارکان کے ایوان میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شاہد خاقان عباسی 221 ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہوئے جب کہ ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے امیدوار نوید قمر نے 47، پی ٹی آئی، عوامی مسلم لیگ اور مسلم لیگ (ق) کے شیخ رشید نے 33 اور جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ نے 4 ووٹ حاصل کیے۔

شاہد خاقان عباسی نے اس موقع پر اپنی جماعت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں عوام کے وزیر اعظم نواز شریف کا شکرگزار ہوں جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جو ہمیں روز انہ تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ "ہم نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو من و عن قبول کیا، لیکن پاکستان کے عوام نے اسے قبول نہیں کیا۔ ابھی ایک اور عدالت بھی لگے جو اس عدالت سے بڑی ہوگی اور وہاں کوئی جے آئی ٹی نہیں ہوگی۔ کوئی قانونی ماہر ایسا نہیں ہے جو اس فیصلے کو مان سکے، لیکن نواز شریف نے اس فیصلے کو قبول کیا، جبکہ ملک کے حقیقی وزیر اعظم نواز شریف جلد واپس آئیں گے۔"

نو منتخب وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں سیاست گالی بن چکی ہے، 30 سال سے پارٹی کے ساتھ ہوں نوازشریف نے کبھی کرپشن نہیں کی، شیخ رشید بھی نواز شریف کے حق میں گواہی دیں ۔ملک کو ایٹمی طاقت بنانا نواز شریف کا قصور ہے، ملک کی معیشت کو مضبوط کرنا بھی نواز شریف کا قصور ہے، انصاف کا تقاضہ ہوتا ہے کہ ایک ہزار مجرم چھوٹ جائیں لیکن کسی ایک بے گناہ کو سزا نہ ہو۔



متعللقہ خبریں