مری میں ایک کیبل لفٹ کے کھائی میں گرنے سے کم از کم 11 افراد ہلاک

مقامی حکام کے مطابق بنواڑی اور چھرا پانی کے درمیان سفر کے لیے لوگ دیسی ساخت کی ’’ڈولی لفٹ‘‘ استعمال کرتے ہیں جو جمعرات کی دوپہر کھائی میں گر گئی

761503
مری میں ایک کیبل لفٹ کے  کھائی میں گرنے سے کم از کم 11 افراد ہلاک

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے قریب سیاحتی علاقے مری میں ایک کیبل لفٹ لگ بھگ 300 فٹ گہری کھائی میں گرنے سے کم از کم 11 افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق مری کے نواحی علاقے بنواڑی کو قریبی شاہراہ سے ملانے کیلئے مقامی سطح پر لگائی گئی ڈولی لفٹ ٹوٹ گئی، لفٹ گہری کھائی میں گرنے کے باعث ایک خاتون اور بچے سمیت 11 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

جاں بحق افراد کے لواحقین نے لاشیں چھرہ پانی کے قریب مری روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا، جس کے باعث مری روڈ پر ٹریفک جام ہو گیا۔ مظاہرین نے لفٹ لگانے والوں اور حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ 

مقامی حکام کے مطابق بنواڑی اور چھرا پانی کے درمیان سفر کے لیے لوگ دیسی ساخت کی ’’ڈولی لفٹ‘‘ استعمال کرتے ہیں جو جمعرات کی دوپہر کھائی میں گر گئی۔

اُنھوں نے کہا کہ ’’ڈولی لفٹ‘‘ مقامی لوگ وادی کے آر پار سفر کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

لفٹ گرنے کے بعد ابتدا میں مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے زخمیوں کو باہر نکالا ۔

مری واقعے میں زخمی ہونے والوں کو علاج کے لیے پولی کلینک منتقل کردیا گیا۔

مقامی طور پر تیار کردہ ایسی لفٹ گرنے کے واقعات ماضی میں بھی پیش آ چکے ہیں۔

 



متعللقہ خبریں