معاوضہ کبھی بھی مرنے والے کا نعم البدل نہیں بن سکتا، نواز شریف

وزیر اعظم پاکستان نواز شریف سانحہ احمد پور شرقیہ کے بعد اپنا دورہ لندن مختصر کرتے ہوئے بہاولپور پہنچ گئے جہاں انپوں نے زخمیوں کی عیادت کی

759907
معاوضہ کبھی بھی مرنے والے کا نعم البدل نہیں  بن سکتا، نواز شریف

وزیر اعظم نواز شریف سانحہ احمد پور شرقیہ میں کثیر تعداد  میں انسانی جانوں کے ضیاع کے بعد اپنا دورہ  لندن مختصر کرتے ہوئے کل  بہاولپور پہنچ گئے۔

جہاں پر انہوں  نے وکٹوریہ ہسپتال کا دورہ کیا اور سانحہ احمد پور شرقیہ کے زخمیوں کی عیادت کی اور انہیں 10، 10 لاکھ روپے کے امدادی چیک دیے ۔

بعد ازاں وہ بہاولپور میں سرکٹ ہاؤس پہنچے، اس موقع پر انہوںکو سانحہ احمد پور شرقیہ پر  بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا  کہ یہ المناک حادثہ صبح 6 بج کر 25 منٹ پر پیش آیا جس میں 278 افراد متاثر ہوئے،سانحے میں 153 افراد جاں بحق اور 125 زخمی ہوئے، زخمیوں کومختلف اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے جائے وقوعہ کا دورہ کرتے ہوئے  کہا  کہ حکومت کی جانب سے دیا جانے والا معاوضہ کسی بھی زندگی کا نعم البدل نہیں ہے لیکن مالی امداد سے لواحقین اور زخمیوں کے دکھوں کا کچھ مداوا ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کا بلند حوصلہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی اور حادثے میں زخمی ہونے والے افراد اور جاں بحق افراد کے لواحقین کو سرکاری نوکریاں بھی دی جائیں گی جبکہ حکومت غربت اور بے روز گاری کے خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات بھی کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں نے اس قومی سانحے پر بھی سیاست کی جو انتہائی افسوسناک ہے، اس قسم کی سیاست ملک میں نہیں ہونی چاہیے، دکھ کی اس گھڑی میں دوسروں کے زخموں پر نمک چھڑکنا قطعی طور پر مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے، ہم اس کی تہہ تک پہنچیں گے اور اس واقعے کو قوم کے لئے مثال بنائیں گے۔

 

 



متعللقہ خبریں