یوم پاکستان آج شایان شان طریقے سے منایا جارہا ہے

یہ دن لاہور میں انیس سو چالیس کو آج کے دن منظور کی گئی اس تاریخی قرارداد کی یاد دلاتا ہے جس نے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کے لئے الگ وطن کے حصول کا لائحہ عمل فراہم کیا

697196
یوم پاکستان آج شایان شان طریقے سے منایا جارہا ہے

قوم آج یامِ پاکستان اس پختہ عزم کے ساتھ منارہی ہے کہ قومی سلامتی اور یکجہتی کے استحکام کے لئے جانفشانی کے ساتھ کام کیا جائے گا۔
یہ دن لاہور میں انیس سو چالیس کو آج کے دن منظور کی گئی اس تاریخی قرارداد کی یاد دلاتا ہے جس نے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کے لئے الگ وطن کے حصول کا لائحہ عمل فراہم کیا۔
دن کاآغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوا۔
مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی خوشحالی اور یکجہتی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
آج عام تعطیل ہے تمام اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا جارہا ہے۔
 آج کے دن کی مرکزی تقریب پریڈ ایونیو اسلام آباد میں فوجی پریڈ ہے جہاںمارچ پاسٹ ہوگا اور جیٹ لڑاکا طیارے شاندار فضائی مظاہرہ پیش کریں گے۔
اس موقع پر فلوٹس مختلف علاقوں کی ثقافت کی نمائش کریں گے۔
 صدر ممنون حسین مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ وزیراعظم نوازشریف اورمسلح افواج کے سربراہان بھی رنگا رنگ تقریب میں شرکت کریں گے۔
 شام کو ایوان صدر میں اعزازات دینے کی تقریب ہوگی جہاں صدر ممنون حسین کئی شخصیات کو مختلف شعبوں میں ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ اورمیڈل دیں گے۔
 ریڈیو پاکستان آج تحریک پاکستان کے مختلف پہلوئوں کے حوالے سے خصوصی پروگرام پیش کررہا ہے اخبارات نے اس موقع پر خصوصی ضمیمے شائع کئے ہیں۔
 ادھر جڑواں شہروں میں کسی بھی نا خوشگوار واقع سے نمٹنے کے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

 



متعللقہ خبریں