پنجاب حکومت نے گزشتہ چار سال کے دوران خواتین کے لیے بہت کام کیا ہے: شہباز شریف

شہباز شریف نے کہا کہ خواتین کے کردار کے بغیر ملک میں ترقی ممکن نہیں انہیں جائز حق دلانے کے لئے ہمیں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے ، قوم کی لاکھوں بیٹیوں کو وسائل مہیا کریں گے

687694
پنجاب حکومت نے گزشتہ چار سال کے دوران خواتین کے لیے بہت کام کیا ہے: شہباز شریف

عالمی یوم خواتین کے حوالے سے ایوان اقبال میں ایک پروقارتقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب  شہباز شریف نے کہاہم قائد اعظمؒ کے خواب کی تکمیل کے لئے کام کر رہے ہیں،پچھلے چار سالوں میں ہماری حکومت نے خواتین کے لئے بہت کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ   خواتین کے کردار کے بغیر ملک میں ترقی ممکن نہیں انہیں جائز حق دلانے کے لئے ہمیں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے ، قوم کی لاکھوں بیٹیوں کو وسائل مہیا کریں گے ۔

وزیراعلیٰ نے کہاقرض لے کر واپس نہ کرنے والے ملکی ترقی کے دوست نہیں ہیں ،ملک کو لوٹنے اور قرضے ہڑپ کرنے والوں کو کوئی پوچھنے والا ہی نہیں ہے ، ہمارے ہاں کیس صرف اور صرف غریبوں کے خلاف ہی چلتا ہے ،معاملات کو ٹھیک کرنے کیلئے اپنی جان لڑا دیں گے ، لوگوں کو انصاف فراہم کرنا ہمارا نصب العین ہے ۔

انہوں نے لاہور میں پی ایس ایل فائنل کے شاندار انعقاد پر پوری قوم کو مبارک باد دی اور کہا کہ عمران خان سمیت تمام سیاستدانوں کو مل کر کام کرنا ہو گا تب ہی ملک میں کھیلوں کی رونقیں بحال ہوں گی۔

پنجاب حکومت نے لاہور میں پی ایس ایل کا کامیاب فائنل کروا کر مخالفین کے چہرے پر زناٹے دار تھپڑ رسید کیا ہے ۔شہبازشریف کا کہناتھاپنجاب میں پختون بھائیوں کی طرح رہ رہے ہیں اور ان سے کسی کو کوئی شکایت نہیں،پاکستان صرف پنجاب سے نہیں بنتا بلکہ پاکستان میں پنجاب ،خیبرپختونخوا ،بلوچستان،سندھ ،فاٹا،آزاد کشمیر، گلگت بلتستان شامل ہیں۔



متعللقہ خبریں