وفاقی حکومت بلوچستان اور سندھ کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے : وزیراعظم نواز شریف

اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف سے گورنر سندھ محمد زبیر ، بلوچستان کے وزیر اعلیٰ سردار ثناء اللہ زہری ، سابق وزیر اعلیٰ عبدالمالک بلوچ اور وفاقی وزیر میر حاصل بزنجو نے الگ الگ ملاقاتیں کیں

669724
وفاقی حکومت بلوچستان اور سندھ کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے : وزیراعظم نواز شریف

وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان اور سندھ میں ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ فریقین کی مشاورت سے کراچی میں امن بحال کیا ، آج ماحول بہت بہتر ہوچکا ہے ۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف سے گورنر سندھ محمد زبیر ، بلوچستان کے وزیر اعلیٰ سردار ثناء اللہ زہری ، سابق وزیر اعلیٰ عبدالمالک بلوچ اور وفاقی وزیر میر حاصل بزنجو نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ 

محمدنواز شریف نے کہاکہ تمام فریقوں کے اتفاق رائے سے کراچی میں امن کے لئے اقدامات کئے ۔ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومت سندھ میں توانائی کے متعددمنصوبوں پر کام کررہی ہے جس میں پورٹ قاسم پاور پلانٹ، اینگرو تھر پاور پراجیکٹ ، جھم پیر میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ اور تھر میں کوئلے کی کان کنی کا منصوبہ شامل ہے۔
ملاقاتوں میں دونوں صوبوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت دیہی اور شہری سندھ کے علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ کراچی حیدرآباد موٹر وے منصوبہ بھی تیار کیا ، کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کو بھی سی پیک میں شامل کیا ، گرین لائن ماس ٹرانزٹ منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے ، وفاقی حکومت کے فور اور لیاری ایکسپریس وے منصوبوں میں بھی تعاون کر رہی ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے محمد زبیر کو ہدایت کی کہ گورنر کی حیثیت سے وفاق اور سندھ کے درمیان پل کا کردار ادا کریں ۔ گورنر سندھ محمد زبیر نے وزیر اعظم کے اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار ثناء اللہ زہری سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے ہمیشہ بلوچستان کو نظر انداز کیا ، موجود دور میں صوبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ، موجودہ حکومت بلوچستان میں سڑکوں اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری لا رہی ہے اور بلوچستان کو ترقی کا مرکز بنا دیا ہے ۔ سردار ثناء اللہ زہری نے بلوچستان کے عوام اور حکومت کے تعاون پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ۔



متعللقہ خبریں