پاناما لیکس، وزیراعظم اور ان کے بچوں نے سپریم کورٹ میں دستاویزات جمع کرا دیں

397 صفحات پر مشتمل ان دستاویزات میں میاں نواز شریف کے ٹیکس ادائیگی سمیت زمین اور فیکٹریوں سے متعلق تفصیلات، زمینوں کے انتقال نامے اور سال 2011 سے آج تک ٹیکس ادائیگی سے متعلق تفصیلات شامل ہیں

610845
پاناما لیکس، وزیراعظم اور ان کے بچوں نے سپریم کورٹ میں دستاویزات جمع کرا دیں

چیف جسٹس انور ظہیر جمالی كی سربراہی میں جسٹس آصف سعید كھوسہ ،جسٹس امیر ہانی مسلم، جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الحسن پر مشتمل لارجر بینچ نے پاناما لیکس کیس کی سماعت كی، وزيراعظم كے بچوں حسین، حسن اور مریم نواز نے اپنا وكيل تبدل كرليا اور ان کی جانب سے سلمان بٹ كی جگہ اكرم شيخ عدالت میں پیش ہوئے ۔

سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کیس کی سماعت کے حوالے سے وزیر اعظم کے بچوں مریم ،حسن اور حسین نواز نے دستاویزات جمع کرا دیں ۔

اس موقع پر وکیل اکرم شیخ نے وزیر اعظم نواز شریف کے بچوں مریم ،حسن اور حسین نواز کی طرف سے دستاویزات جمع کرائیں ،397 صفحات پر مشتمل ان دستاویزات میں میاں نواز شریف کے ٹیکس ادائیگی سمیت زمین اور فیکٹریوں سے متعلق تفصیلات، زمینوں کے انتقال نامے اور سال 2011 سے آج تک ٹیکس ادائیگی سے متعلق تفصیلات شامل ہیں ۔ عدالت میں دلائل دیتے ہوئے درخواست گزار طارق اسد نے کہا کہ یہ بڑا مقدمہ ہے ،دباو کے تحت جلد نہیں نمٹانا چاہیے ۔

چیف جسٹس نے کہا کہ کیا بطور انسان ملک کی کرپشن کی تحقیقات ہمارے لیے ممکن ہے ، ہم انسان ہیں کمپیوٹر تو نہیں ،ایسا تو نہیں ہو گا کہ ہمارے اندر کاغذ ڈالا جائے اور تصدیق ہو کر باہر آجائے ۔

تحریک انصاف کے وکیل حامد خان نے عدالت سے استدعا کی کہ جمع کرائی گئیں دستاویزات کے مطالعے کے لیے انہیں 48 گھنٹوں کا وقت دیا جائے۔ عدالت نےمقدمے میں مزید فریق بننے کی مختلف درخواستیں مسترد کرتے ہوئے مزید سماعت جمعرات تک ملتوی کردی۔



متعللقہ خبریں