کشمیریوں کے حق خود ارادیت دلوا کر ہی دم لیں گے: صدر ممنون حسین

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان مکمل نہیں ہے اور کشمیر کی آزادی ہی کے بعد   علاقے میں پائدار  امن قائم ہوسکتا ہے۔انہوں نے اِن خیالات کا اظہار آل پارٹیز حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے وفد سے مظفر آباد میں ملاقات کے دوران کیا

590930
کشمیریوں کے حق خود ارادیت دلوا کر ہی دم لیں گے:  صدر ممنون حسین

پاکستان کے  صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد کی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان مکمل نہیں ہے اور کشمیر کی آزادی ہی کے بعد   علاقے میں پائدار  امن قائم ہوسکتا ہے۔

انہوں نے اِن خیالات کا اظہار آل پارٹیز حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے وفد سے مظفر آباد میں ملاقات کے دوران کیا ۔ اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان اور وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان بھی موجود تھے ۔ وفد سے ملاقات کے موقع پر صدر ممنون حسین نے بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر کے بارے میں رائے شماری کے حوالے سے اپنی قرار دادوں پر عملدرآمد کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

انہوں نے   69 سال پرانے تنازع کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی ناکا می پر افسوس کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان مذاکرات کے ذریعے تنازع کشمیر کا پرامن حل چاہتا ہے ۔ صدر مملکت نے مسلمان ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنے باہمی تنازعات ختم کر کے متحد ہو جائیں اور طویل عرصے سے جاری فلسطین اور کشمیر کے مسائل کے خاتمے کیلئے عالمی برادری پر دباؤ ڈالیں۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ وہ وزارت خارجہ کو ہدایت کرینگے کہ وہ غیر ملکی سفارت کاروں کو کشمیر کے بارے میں باقاعدگی سے بریف کریں تاکہ تنازع کشمیر کے فوری حل کو یقینی بنایا جا سکے ۔ حریت کانفرنس وفد کے ارکان نے کشمیر کونسل اور قانون ساز اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت کے خطاب کو سراہا اور کہا کہ اس سے کشمیری عوام کے جذبات کی عکاسی ہوئی ہے اور انہوں نے اپنے خطاب سے کشمیریوں کے دل جیتے ہیں۔



متعللقہ خبریں