بھارت بے بنیاد الزامات سے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے: ترجمان وزارتِ خارجہ

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کیرالہ میں اپنی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان خطے میں دہشت گرد "برآمد" کر رہا ہے اور وہ سفارتی طور پر اپنے اس پڑوسی ملک کو بین الاقوامی برادری میں تنہا کر دیں گے

576628
بھارت بے بنیاد الزامات سے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے: ترجمان وزارتِ خارجہ

پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کی قیادت "اشتعال انگیز" بیانات اور بے بنیاد الزامات کے ذریعے اسے بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

اتوار کو دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے ایک بیان میں کہا کہ اعلیٰ ترین سیاسی سطح پر "غیر ذمہ دارانہ رویہ قابل افسوس ہے۔"

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کیرالہ میں اپنی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان خطے میں دہشت گرد "برآمد" کر رہا ہے اور وہ سفارتی طور پر اپنے اس پڑوسی ملک کو بین الاقوامی برادری میں تنہا کر دیں گے۔

کیرالہ میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر کے جواب میں پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہا کہ ’یہ امر افسوس ناک ہے کہ ہندوستان ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اشتعال انگیز بیانات اور بے بنیاد الزامات لگاکر پاکستان کو بدنام کرنے کی مہم چلا رہا ہے‘۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہندوستانی فورسز کشمیر میں نہتے اور بے گناہ شہریوں پر طاقت کا بے دریغ استعمال کررہے ہیں اور خواتین و بچے بھی ان سے محفوظ نہیں۔

نفیس ذکریا نے کہا کہ کشمیر میں 8 جولائی کو نوجوان حریت کمانڈر برہان مظفر وانی کے انڈین فورسز کے ہاتھوں ماورائے عدالت قتل کے بعد سے ہندوستانی فوج کے مظالم میں شدت آگئی ہے اور گزشتہ 75 دنوں کے دوران 100 سے زائد کشمیری ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں جبکہ سیکڑوں افراد بینائی سے محروم ہوچکے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اس بات کی نشاندہی کی کہ عالمی برادری نے کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا ہے اور اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم کے علاوہ کئی ممالک نے اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی موجودہ صورتحال کی آزادانہ تحقیقات اور وہاں فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجنے کے مطالبات بھی بڑھتے جارہے ہیں۔



متعللقہ خبریں