بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں جارحیت جاری ہے، زید رعد الحسین

کشمیر کی موجودہ صورت حال جاننے اور کشمیریوں پر ہونے والے تشدد کی شفاف تحقیقات کے لیے ایک غیر جانبدار کمیشن قائم کیا جائے

570799
بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں جارحیت جاری ہے، زید رعد الحسین

ذرائع کے مطابق جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 33 ویں اجلاس کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر زید رعد الحسین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر  میں بھارتی حکام کی جانب سے  وادی کے شہریوں کے خلاف طاقت کا بہیمانہ  استعمال کر نے کی اطلاعات موصول  ہو رہی ہیں۔ جس دوران لوگوں کی ایک  بڑی تعداد ہلاک اور زخمی ہوئی ہے۔

زید رعد الحسین نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے انھیں 9 ستمبر کو پاکستان کے زیرِ انتظامیہ  کشمیر کے دورے کی دعوت دی گئی جو کہ مقبوضہ کشمیر کے دورے سے مشروط تھی لیکن انہیں بھارت کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ خط موصول نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے بھارت کے اس رویے پر افسوس کا اظہار کیا جو عالمی اداروں کی طرف سے متعدد درخواستوں کے باوجود انہیں مقبوضہ علاقے تک رسائی دینے سے مسلسل انکار کرتا رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ کشمیر کی موجودہ صورت حال جاننے اور کشمیریوں پر ہونے والے تشدد کی شفاف تحقیقات کے لیے ایسے آزاد، غیرجانبدار اور بین الاقوامی کمیشن کی شدید ضرورت ہے، جسے  عوام الناس تک   مکمل رسائی کی اجازت ہو۔

واضح رہے کہ 8 جولائی کو حریت پسند کمانڈر برہان وانی کی بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر کے عوام  آزادی کے لیے سڑکوں پر نکل  آئے۔ اس پر امن احتجاج کو دبانے کے لیے بھارت نے طاقت کا بھر پور استعمال کیا ہے،  جس کے نتیجے میں گزشتہ68 روز میں اب تک 98 افراد شہید جب کہ ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔

 



متعللقہ خبریں