صرف الیکشن کروانے ہی سے جمہوریت قائم نہیں ہو جاتی: عمران خان

عمران خان نے کہا کہ جب تک دھاندلی کرنے والوں کو سزا نہیں ملتی انتخابی اصلاحات کا کوئی فائدہ نہیں، وزیراعظم سے پاناما لیکس پر جواب مانگتے پانچ ماہ گزر گئے لیکن کوئی جواب نہیں ملا

567474
صرف الیکشن کروانے ہی سے جمہوریت قائم نہیں ہو جاتی: عمران خان

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں صرف الیکشن کروانے سے جمہوریت مستحکم نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ جب تک دھاندلی کرنے والوں کو سزا نہیں ملتی انتخابی اصلاحات کا کوئی فائدہ نہیں، وزیراعظم سے پاناما لیکس پر جواب مانگتے پانچ ماہ گزر گئے لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔

 قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہمیں سوچنا ہوگا کہ جمہوری نظام آج تک مستحکم کیوں نہیں ہوا، الیکشن شفاف ہونے کا مطلب یہ ہے کہ نتائج کو اپوزیشن بھی تسلیم کرے،بائیس جماعتوں نے دھاندلی کے الزامات لگائے، جن لوگوں نے دھاندلی کی انہیں سزا کیوں نہیں ملی؟بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی حکومت پر اعتماد نہیں، جمہوری اداروں کا کام بھی چیک اینڈ بیلنس رکھنا ہے، اپوزیشن بھی یہی کام کرتی ہے، کرپشن کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری نہیں آرہی۔صرف انتخابات کرانے سے ہی جمہوریت مضبوط نہیں ہوتی۔

قومی اسمبلی کے سپیکر جواب دیں کہ ان کے خلاف کن بنیادوں پر ریفرنس بھجوایا گیا ہے حالانکہ انہوں نے کچھ بھی خفیہ نہیں رکھا، نیازی سروسز کو بھی چار دسمبر دوہزار گیارہ کو پریس کانفرنس میں اپنے تمام اثاثے ڈیکلیئر کئے تھے لیکن وزیراعظم نے ایسا نہیں کیا ،اس کے باوجود وزیراعظم کے خلاف تحریک انصاف کا ریفرنس مستر دیا گیا۔ 

عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے آخری حد تک جائیں گے ،ابھی پرامن طریقے سے معاملے کو حل کر نے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن اگر حکومت نے دھمکیوں کا سلسلہ جاری رکھا تو پھر یہ سلسلہ پرامن نہیں رہے گا ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت مجھے ڈرا دھمکا کر پاناما لیکس کا معاملہ دبانا چاہتی ہے لیکن اس معاملے کو آخری حد تک لے کر جائیں گے ۔ان کاکہنا تھاکہ پاناما لیکس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے چاہے جو مرضی ہو جائے اور سڑکوں پر بھی آئیں گے ،ابھی تک پر امن ہیں لیکن اگر حکومت نے دھمکیوں کا سلسلہ جاری رکھا تو پرامن نہیں رہیں گے ۔

 

دریں اثنا میڈ یا سے گفتگو کے بعد جب عمران خان قومی اسمبلی کی کارروائی میں حصہ لینے کے لیے ایوان پہنچے تو اس سے پہلے ہی ایاز صادق ایوان سے چلے گئے ۔اب پرویز ملک کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے ۔

 



متعللقہ خبریں